عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی// ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا نے شاندار جیت درج کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے کیپ ٹاؤن کے میدان پر 30 سال بعد تاریخ رقم کی۔ درحقیقت 30 سالوں میں ہندوستانی ٹیم نے کیپ ٹاؤن کے میدان پر ٹیسٹ میں اپنی پہلی جیت درج کی ہے۔ جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ میچ میں محمد سراج اور جسپریت بمراہ نے شاندار گیند بازی کی۔ ہندوستان کو جیت کے لیے 79 رنز کا ہدف ملا تھا جسے ٹیم نے اپنے جارحانہ کھیل کی بنیاد پر باآسانی حاصل کر لیا۔ہندوستان نے میزبان جنوبی افریقہ کو صرف 2 دن میں شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری حاصل کر لی۔
ٹاس جیتنے کے بعد ڈین ایلگر نے پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ محمد سراج نے صرف 15 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جس کی وجہ سے پوری ٹیم 55 رنز کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلی اننگز میں ٹیم انڈیا کے بلے بازوں کی کارکردگی بھی کچھ خاص نہیں رہی۔ پوری ٹیم مل کر 153 رنز ہی بنا سکی۔ روہت شرما، شبھمن گل اور وراٹ کوہلی کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کھاتہ نہیں کھول سکا۔دوسری اننگز میں جسپریت بمراہ نے جنوبی افریقہ پر قہر ڈھا دیا اور 6 وکٹیں لے کر ٹیم کی بڑے اسکور کی امیدیں ختم کر دیں۔ ایک اینڈ پر تجربہ کار سلامی بلے باز ایڈن مارکرم نے ڈٹے رہے اور شاندار سنچری بنائی۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی جنوبی افریقہ کی جانب سے بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔جسپریت بمراہ کا جادو دوسری اننگز میں نظر آیا۔ بمراہ نے دوسری اننگز میں کل 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹرسٹن اسٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جینسن اور کیشو مہاراج کی وکٹیں لیں۔ بمراہ کے علاوہ مکیش کمار نے ٹونی ڈی جارجی اور ڈین ایلگر کو آؤٹ کیا۔