عظمیٰ نیوزڈیسک
دبئی//ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 4 جون سے 30 جون تک امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا جس میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پہلے راؤنڈ میں پانچ، پانچ ٹیمیں چار گروپس میں مقابلہ کریں گی۔ذرائع کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ گروپ میں آئرلینڈ، کینیڈا اور میزبان امریکا بھی شامل ہے اس لیے پہلے راؤنڈ میں اس گروپ کے زیادہ تر میچز امریکا میں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم پہلا میچ 6 جون کو ڈیلیس میں امریکا کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 9 جون کو نیویارک میں بھارت اور پاکستان کا میچ تجویز ہے جبکہ 11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کا میچ نیویارک میں ہی ہوگا۔ 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ فلوریڈا میں شیڈول ہے۔پہلے راؤنڈ میں شریک ہر چار گروپس میں سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ راؤنڈ میں کوالیفائی کریں گی جہاں انہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے فیڈ بیک اور منظوری کیلئے یہ شیڈول بورڈز اور براڈ کاسٹرز کو بھیج دیا ہے اور اب جلد ہی حتمی شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہند پاک میچ کی ٹائمنگ اور برصغیر کے ٹائم زون کے فرق کی بنیاد پر یہ میچ ایک روز قبل کرانے کا آپشن بھی موجود ہے۔