یواین آئی
سنچورین// جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما کا ماننا ہے کہ اگرچہ ان کی ٹیم گھریلو حالات سے زیادہ واقف ہے لیکن جس ٹیم کے بلے باز اچھا کھیلیں گے انہیں ہی سیریز میں برتری حاصل ہوگی۔کل کے پہلے ٹیسٹ میچ سے پہلے باوما نے کہا، ’’ہندوستانی ٹیم نے جو حالیہ کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ ان کی گیند بازی کی وجہ سے ہیں۔ ہوم ٹیم ہونے سے جو فائدہ ہمیں مل سکتا تھا وہ ان کی مضبوط باؤلنگ کے سامنے کمزور پڑ سکتا ہے۔ اب مقابلہ بلے بازوں کے درمیان ہوگا۔ جس ٹیم کے بلے باز بہتر کھیلیں گے وہی سیریز میں برتری حاصل کر سکے گی۔انہوں نے کہا، ’’ان کے باؤلرز ہم پر دباؤ ڈالنے جارہے ہیں اور ان کی بیٹنگ لائن اپ بھی مضبوط ہے۔
ان کے کھلاڑی کسی بھی صورتحال میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’اس سیریز پرسے ہمارا فخر بھی وابستہ ہے اور بطور ٹیم ہم اس ریکارڈ کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کریں گے۔ لیکن ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ہم ہندوستان کے خلاف کھیل رہے ہیں اور ان کے خلاف کھیلنا چیلنجوں سے بھرا ہوا ہے۔ ہماری توجہ ان ہی چیلنجز پر ہے۔ ہم ان چیلنجوں کو قبول کر رہے ہیں اور اپنی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کافی عرصے سے ریڈ بال کرکٹ نہیں کھیلی لیکن اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے بعد میں ذہنی طور پر تروتازہ محسوس کررہا ہوں۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے ٹاپ چھ بلے بازوں میں سے چار کی اوسط 40 سے اوپر ہے، جب کہ جنوبی افریقہ کے بلے بازایسے نمبر گیم میں کہیں نہیں ہیں۔ وراٹ کوہلی کی اوسط 51.35 کی قدرے بہتر ہے، جب کہ ہندوستانی کپتان روہت شرما یہاں 15.37 کی اوسط سے رن بنائے ہیں۔ یشسوی جیسوال اور شریاس ائیر نے یہاں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔جنوبی افریقہ کے لیے، صرف ڈین ایلگر (46.16) اور ایڈن مارکرم (43.92) کی گھریلو اوسط 40 سے اوپر ہے، جبکہ کپتان باووما کی گھریلو اوسط 39.11 ہے۔ ٹیسٹ میچوں میں جنوبی افریقی بلے بازوں کے لیے مستقل مزاجی ایک بڑا مسئلہ رہا ہے اور وہ گزشتہ سال مسلسل سات اننگز میں 200 سے کم رنز پر آل آؤٹ ہوئے تھے۔