عظمیٰ نیوز سروس
جموں //اکھنور میں سے 120طلباء پانچ روزہ رہائشی ٹریکنگ کیمپ کیلئے روانہ ہو ئے ہیں ۔اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اسٹیشن ہاؤس آفیسر اکھنورظہیر مشتاق نے انڈور اسٹیڈیم اکھنور سے لڑکوں اور لڑکیوں کی 5 روزہ رہائشی ٹریکنگ مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔کیمپ کا انعقاد محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس زون اکھنور نے ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر جموں ایس سکھ دیو راج شرما کی ہدایت پرزونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر اکھنور ایس اشوک کمار کی نگرانی میں کیا ہے۔ زون اکھنور کے مختلف اداروں سے انڈر 17 اور 19 سال کی عمر کے 120 لڑکے اور لڑکیاں حصہ لے رہے ہیں۔یہ کیمپ 25 دسمبر 2023 سے شروع ہونے والا ہے اور 29 دسمبر 2023 کو مقدس شہر کٹرہ میں اختتام پذیر ہوگا۔ اس دوران متعلقہ زیڈ ای پی او نے کہا کہ اس طرح کے کیمپوں کا مقصد بیرونی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور نوجوانوں میں ایڈونچر کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ اکھنور میں پانچ روزہ رہائشی ٹریکنگ کیمپ کا افتتاح کرنے سے پہلے طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایس ڈی پی او نے کہا کہ ٹریکنگ فطرت ،نباتات اور حیوانات کو محسوس کرنے، چٹانوں کو عبور کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، اس کے علاوہ جسمانی اور نفسیاتی صحت میں بے پناہ بہتری آتی ہے۔