عظمیٰ نیوز سروس
جموں // جموں یونیورسٹی میں ایتھلیٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہوئی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آر ایس پورہ علاقہ کے گاؤں کلکلا کی طالبہ سمر کور نے انڈر 14 لانگ جمپ زمرے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ان مقابلوں میں ضلع بھر کے کھلاڑیوں نے شرکت کی جبکہ اس دوران سمر کور نے اپنی غیر معمولی کارکردگی کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اس کی کامیابی کے بعد، پیر کو مقامی پنچایت نے سمر کور کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔سرپنچ گردیپ سنگھ سینی، جو سمر کور کے والد بھی ہیں، نے اپنی بیٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمر کی ضلعی سطح پر جیت نے نہ صرف ان کی پنچایت کا نام روشن کیا ہے بلکہ علاقے کی دیگر لڑکیوں کے لئے بھی تحریک کا باعث ہے جو تعلیم اور کھیلوں میں توازن پیدا کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ’کھیلو انڈیا‘ پہل کے تحت پنچایت کے اندر کھیلوں کو فروغ دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ جموں سنسکرت اسکول کی آٹھویں جماعت کی طالبہ سمر کور نے کہا کہ مقابلہ میں بہترین کارکردگی والدین کی سپورٹ کی وجہ سے ممکن ہو سکی ہے ۔