سریندر اوبرائے
نئی دہلی// غزہ شہر کے ایک ہسپتال میں بمباری کے بعد ہوئی ہلاکتوں کی وجہ سے مشرقی وسطی میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جس کے بعد امریکی صدر نے اردن کا دورہ منسوخ کر دیا ہے تاہم وہ اسرائیل کا دورہ کریں گے۔
ہسپتال میں زوردار دھماکہ میں سیکڑوں فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں۔ حماس نے دھماکے کیلئے اسرائیلی فضائیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، جب کہ اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ یہ فلسطینی اسلامی جہاد کی جانب سے غلط فائر کیے گئے راکٹوں کی وجہ سے ہوا۔
یہ دھماکہ الاہلی ہسپتال میں ہوا، جہاں اسرائیل اور حماس کے تنازع میں زخمی ہونے والے افراد کا علاج کیا رہا تھا یا لوگ جاری اسرائیلی فضائی حملوں سے پناہ حاصل کر رہے تھے۔
غزہ میں حماس نے اطلاع دی ہے کہ اس دھماکے میں تقریباً 500 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جس کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔ اس کے جواب میں اسرائیل نے فلسطینی عسکریت پسندوں پر الزام عائد کیا جب کہ غزہ کے دوسرے سب سے بڑے عسکریت پسند گروپ فلسطینی اسلامک جہاد نے ذمہ داری سے انکار کیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے ہسپتال دھماکے کے ذمہ دار افراد کو “وحشیانہ” قرار دیا اور حماس کے اسرائیلی دفاعی فورس کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
اس سے قبل وسطی غزہ میں اقوام متحدہ کے ایک سکول میں ہزاروں افراد رہائش پذیر پر بھی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے۔ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں مظاہرے ہوئے، جہاں مظاہرین کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں جنہوں نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ یہ دونوں دھماکے امریکی صدر جو بائیڈن کے اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے دورے سے پہلے ہوئے تھے۔
انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) نے ہسپتال میں ہونے والے دھماکے پر صدمے اور ہولناکی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتالوں کو انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پناہ گاہ ہونا چاہیے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ان کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے الاہلی ہسپتال پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سینکڑوں فلسطینی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر ہولناکی کا اظہار کیا اور بین الاقوامی قانون کے تحت ہسپتالوں، کلینکس، طبی عملے اور اقوام متحدہ کے احاطے کے تحفظ پر زور دیا۔
اردن کے وزیر خارجہ ایمن صفادی نے خطے کو تباہی کے دہانے پر دھکیلنے پر اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف جنگ اور قتل عام بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
اردن کے حکام اور فلسطینی صدر محمود عباس نے اردن میں امریکی صدر کے ساتھ طے شدہ سربراہی اجلاس سے دستبرداری کا اعلان کیا۔
صدر بائیڈن نے اپنا دورہ اردن اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم، فلسطینی اتھارٹی کے صدر عباس اور مصر کے صدر سیسی کے ساتھ طے شدہ سربراہی اجلاس ملتوی کر دیا۔ انہوں نے دھماکے کی مذمت کی۔
بائیڈن نے آج اسرائیل کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کر سکیں۔