ممبئی//یو این آئی// ہندوستان کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ کا ماننا ہے کہ تیز گیند باز ارشدیپ سنگھ اور اسپنر یوزویندر چہل کو ورلڈ کپ کے لئے منتخب ہندوستانی ٹیم میں جگہ ملنی چاہئے تھی۔ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آفیشل براڈکاسٹر اسٹار اسپورٹس پر ایک ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران ہربھجن نے کہاکہ “میرے خیال میں ہندوستان کے ورلڈ کپ اسکواڈ سے دو کھلاڑی غائب ہیں، یوزویندر چہل اور ارشدیپ سنگھ۔ اگر بائیں ہاتھ کا تیز گیند باز نئی گیند کو اندر لا سکتا ہے تو یہ کھیل میں کارآمد ثابت ہوتا ہے ۔
اگر وہ کھیل کے آغاز میں دو وکٹیں حاصل کر سکتا ہے تو میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ دائیں ہاتھ کے بلے باز ایسا نہیں کر سکتے ، لیکن بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز وکٹیں حاصل کرنے کے لیے حقیقی زاویہ حاصل کر سکتے ہیں۔”اپنی رائے کو مزید مستحکم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “آپ دیکھ سکتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی یا مچل اسٹارک اپنی ٹیم کے حق میں کھیل کا رخ موڑ سکتے ہیں۔ جب آسٹریلیا نے ورلڈ کپ جیتا تو مچل اسٹارک نے کھیل پر بڑا اثر ڈالا۔