یواین آئی
اقوام متحدہ// اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ افریقی ملک مالی میں جان بچانے والی امداد کے بغیر اس سال دسمبر تک 05 سال سے کم عمر کے تقریبا 10 لاکھ بچوں کو شدید غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا جب کہ کم از کم 200,000 افراد کے شدید غذائی قلت کے سبب بھوک سے مرنے کا خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے چیف ترجمان اسٹیفن دوجارک نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) نے یہ انتباہ طویل مسلح تصادم، اندرونی نقل مکانی اور انسانی ہمدردی کی محدود رسائی کے سنگین مسائل کے پیش نظر جاری کیا ہے۔ دوجارک نے کہا کہ مالی کی ایک چوتھائی آبادی اعتدال پسند یا شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہے۔ پہلی بار مینکا کے بحران زدہ علاقے میں 2500 سے زائد افراد قحط کے خطرے سے دوچار ہیں، جن میں سے اکثر بچے ہیں۔یونیسیف نے کہا کہ یونیسیف اور اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے انسانی ہمدردی کے اعلی حکام نے اس ہفتے ملک کا دورہ کیا تاکہ مقامی حکام اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کا اعادہ کیا جا سکے۔یونیسیف کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر برائے انسانی ہمدردی کی کارروائی اور سپلائی آپریشنز ٹیڈ چائیبن نے کہا”مالی ایک پیچیدہ انسانی بحران سے گزر رہا ہے اور بچوں کے لیے آفت کو ٹالنے کے لیے فوری مدد کی ضرورت ہے، وہ ایک بار پھر اس بحران کی زیادہ قیمت چکا رہے ہیں جو انہوں نے پیدا بھی نہیں کیا ہے۔”انہوں نے کہا، “مالی کے کچھ مشکل ترین سالوں میں یونیسیف، ڈبلیو ایف پی اور شراکت دار زمین پر موجود رہے ہیں، اور جب تک ہماری خدمات کی ضرورت ہے ہم انسانی اور ترقیاتی امور پر کام کرتے رہیں گے۔”یونیسیف نے کہا کہ مالی میں تقریبا 50 لاکھ بچوں کو انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے جس میں صحت، غذائیت، تعلیم اور تحفظ کی خدمات کے ساتھ ساتھ صاف پانی تک رسائی بھی شامل ہے۔یونیسیف اور ڈبلیو ایف پی نے مالی میں 4.7 ملین بچوں سمیت 8.8 ملین لوگوں کی مدد کے لئے اس سال 184.4 ملین امریکی ڈالر کی فوری اپیل کی۔ایجنسیوں نے کہا کہ مالی امداد کمزور آبادیوں کو ہنگامی خوراک کی امداد فراہم کرنے اور ویکسین کو فریج میں ٹھنڈہ رکھنے کے لیے ایندھن سمیت طبی خدمات کی معاونت کرنے اور غذائی قلت کا شکار بچوں کے لیے زندگی بچانے والا علاج جیسے مزید انسانی سامان کی خریداری کے لئے فنڈ کی ضرورت ہوگی۔مالی میں اقوام متحدہ کا امن مشن، جسیایم آئی این یو ایس ایم اے کے نام سے جانا جاتا ہے، سال کے آخر تک ملک چھوڑ رہا ہے۔ْ