راجا ارشاد احمد
گاندربل//چمپئن کرکٹ ٹورنامنٹ شالہ بگ پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں اتوار کو دو مقابلے کھیلے گئے ۔پہلے پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں الیون برادرز شالہ بگ نے ٹاس جیت کر بابر کرکٹ کلب سرینگر کو بلے بازی کی دعوت دی۔مقررہ 20 اوروں میں بابر کرکٹ کلب سرینگر کی بلے بازی تاش کے پتوں کی طرح بکھرگئی۔ پوری ٹیم 19.3 اوروں میں 103 رن ہی بناکر پویلین لوٹ گئی۔صرف بابر ہی نے 18 رن بنائے ۔باقی بلے باز الیون برادرز شالہ بگ کی گیند بازی کے سامنے بے بس نظر آئے۔
الیون برادرز شالہ بگ کے گیند باز شبیر احمد، پرویز اور مقصود نے بالترتیب 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا کیا۔ مقررہ ہدف کے تعاقب میں الیون برادرز شالہ بگ نے ہلال اور شبیر کی جانب سے ذمہ داری بلے بازی کی بدولت 14 اوور میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 107 رن بناکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ہلال نے 27 گیندوں میں 3 چھکوں 2 چوکوں کی مدد سے 40 رن بنائے جبکہ شبیر احمد نے 33 گیندوں پر 35 رن بنائے۔ شبیر احمد کو آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسرے مقابلہ ریبلز الیون بڈگام اور لائینز گاندربل کے درمیان کھیلا گیا جس میں ریبلز الیون بڈگام نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ۔مقررہ 20 اوروں میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 170 رن بنائے۔ سعید فیضان نے 28 گیندوں پر 3 چھکوں 4 چوکوں کی مدد سے 45 رن بنائے۔ جواب میں مقررہ ہدف کو لائنز گاندربل نے 17اوروں میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر حاصل کیا۔دانش مظفر نے 29 گیندوں پر 45 رن بناکر مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل میں پہنچایا۔