محمد تسکین
بانہال// ہائر سیکنڈری سکول بانہال بوائز کے گرائونڈ میں بانہال پریمیر لیگ (BPL)سیزن دس کی افتتاحی تقریب ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت الاسلام کے ہاتھوں بدھ کی شام انجام دی گئی ۔اس موقع پر سب ڈویژنل انتظامیہ ، پولیس اور ہزاروں کی تعداد میں شائقین کرکٹ موجود تھے۔ بانہال پریمیر لیگ فلڈ لائٹس میں کھیلی جارہی ہے۔یہ کرکٹ ٹورنامنٹ دانش فاروق میر ( سابق ممبر اسمبلی محمد فاروق میر کے بیٹے ) اور ان کی مینجمنٹ کی طرف سے منعقد کرایا جارہا ہے ۔ بی پی ایل سیزن دس کی تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں شائقین کرکٹ نے ہائیر سیکنڈری سکول بانہال گراونڈ میں شرکت کی اور بارش کے باوجود لوگ میچ شروع اور ختم ہونے تک موجود رہے۔رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد بی پی ایل سیزن دس کا پہلا میچ جموں الیون اور بانہال قلندرس کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں جموں کی ٹیم نے چھ وکٹوں سے جیت درج کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے حکم کے مطابق ضلع رام بن میں سپورٹس سٹیڈیم بنائے جارہے ہیں اور بانہال کے گگڑواہ میں ایک سٹیڈیم زیر تعمیرہے جس کیلئے مزید فنڈس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ناون میں بھی ایک سٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ سپورٹس کونسل کو منظوری کیلئے بھیجا جارہا ہے۔اس موقع پر بانہال پریمئر لیگ کے چیف آرگنائزر دانش فاروق میر نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے علاوہ دہلی اور ہریانہ سے 64 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور مہمان کھلاڑیوں کیلئے بی پی ایل مینجمنٹ نے اپنے بل پر قیام و طعام کے انتظامات کر رکھے ہیں۔