ارشاد احمد
گاندربل//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس گاندربل نے لڑکیوں کیلئے ایک شاندار ڈسٹرکٹ لیول انٹر زون سائیکل دوڑ کا انعقاد عمل میں لایا ۔ریس کو کلاک ٹاور دودہرہامہ گاندربل سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔سائیکل دوڑ کا اختتام گورنمنٹ فزیکل ایجوکیشن کالج گاڈورہ میں ہوا۔اس موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں فاتحین میں توصیفی اسناد اور مومنٹو تقسیم کئے گئے۔ سائیکل دوڑ میں ضلع کے چاروں زون میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 70 طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ادھر محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس گاندربل نے پانچویں روز مڈل سکول فتح پورہ میں انڈر 14 کے لڑکوں کے لیے انٹر اسکول زونل سطح کے کرکٹ مقابلے کا انعقاد کیا جس میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے 70 طلباء نے اپنی قابلیت کا مظاہرہ کیا۔بدھ کے روز دو سیمی فائنل مقابلے منعقد کیے گئے جس میں پہلا سیمی فائنل ایور گرین سکول اور علمدار ایجوکیشنل انسٹیچوٹ کے درمیان مقابلہ ہوا۔
ایورگرین سکول نونر نے سیمی فائنل کا مقابلہ جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔ دوسرا سیمی فائنل میچ مڈل سکول گرٹہ بل اور حنفیہ سکول نونر کے درمیان کھیلا گیا جس میں حنفیہ سکول نونر نے فتح حاصل کرتے ہوئے فائنل کے لئے اپنی پوزیشن واضح کردی۔زونل فزیکل آفس کنگن کی جانب سے بوائز مڈل سکول پرنگ میں انڈر 17 سال عمر کے لڑکوں کے لیے مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں زون کے 69 طلباء کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اسی طرح زونل فزیکل ایجوکیشن آفس تولہ مولہ نے بی ایچ ایس ایس صفاپورہ میں انڈر 14لڑکوں کے کرکٹ کے مقابلے کے انتخاب مہم کا انعقاد کیا جس میں زون کے مختلف سکولوں کے 50 طلباء نے حصہ لیا۔