یو این آئی
مانچسٹر//جیمز اینڈرسن آسٹریلیا کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والے چوتھے ایشز ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ الیون میں واپس آگئے ہیں۔انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے پیر کو پلیئنگ الیون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اینڈرسن میڈیم پیسر اولی رابنسن کی جگہ ٹیم میں واپس آئے ہیں۔
اینڈرسن کو لیڈز میں تیسرے ٹیسٹ کے لیے آرام دیا گیا تھا جہاں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔اولڈ ٹریفورڈ اینڈرسن کی کاؤنٹی ٹیم لنکاشائر کا ہوم گراؤنڈ ہے اور ایشز کا چوتھا ٹیسٹ اسٹیڈیم میں اینڈرسن کا آخری ٹیسٹ ہو سکتا ہے ۔ لیڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے معین علی کو الیون میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ زخمی اولی پوپ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔چوتھے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ الیون: بین ڈکٹ، زیک کرولی، معین علی، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جونی بیرسٹو، کرس ووکس، مارک ووڈ، اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن۔