عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
نئی دہلی//ہندوستان نے سیف چمپئن شپ کے ایک سانس روک دینے والے فائنل میں کویت کو شوٹ آؤٹ میں 5-4 (فْل ٹائم 1-1) سے شکست دے کر نویں بار جنوبی ایشیائی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔شری کانتیراوا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کویت نے 14ویں منٹ میں شبیب الخالدی کے ذریعے گول کر کے برتری حاصل کی تاہم للنزوالا چھنگٹے نے 35ویں منٹ میں ہندستان کے لیے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔
اس کے بعد 120ویں منٹ تک دونوں ٹیمیں گیند کو جال میں نہ پہنچا سکیں جس کی وجہ سے جیت کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ سے ہوا۔شوٹ آؤٹ میں ہندستان کی جانب سے سنیل چھتری، سندیش جھنگن، چھنگٹے، سبھاشیش بوس اور مہیش سنگھ نے گول کیے جبکہ کویت کی جانب سے صرف فواز العتیبی، احمد الظفیری، مہران اور الخالدی نے گول کیے۔یہ ہندوستان کا مجموعی طور پر نواں اور مسلسل دوسرا سیف چیمپئن شپ خطاب ہے۔ وہ اس ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جبکہ اس کے بعد مالدیپ دو مرتبہ یہ چمپئن شپ جیت چکی ہے۔پچھلے میچ میں ہندوستان کو ڈرا پر روکنے والا کویت اس بار پہلے ہی منٹ سے جارحانہ نظر آیا۔ سندیش جھنگن اور انور علی کے ساتھ سجے ہندوستانی دفاع نے محتاط دفاع کا مظاہرہ کیا لیکن کویت نے آخر کار 14 ویں منٹ میں ہندوستان کے گول تک رسائی حاصل کی۔کویت کا مقابلہ کرتے ہوئے مبارک الفنینی نے ہندوستانی گول کی طرف بڑھتے ہوئے عبداللہ البلوشی کو پاس دیا۔ البلوشی نے ہندستانی باکس میں اکیلے کھڑے شبیب الخالدی کو کراس دیا جنہوں نے گیند کو جال میں ڈال کر کویت کا کھاتہ کھول دیا۔ہندوستانی ٹیم 16ویں منٹ میں اپنا پہلا گول کرنے کے قریب پہنچی لیکن اسے برابری کے لیے 38ویں منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔