عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے کل ایس کے آئی سی سی عقب میں 3 روزہ واٹر اسپورٹس فیسٹیول ’’جشن دل 2023‘‘ کے آغاز کیا۔ اس تقریب کا اہتمام جموں و کشمیر پولیس اپنے سوک ایکشن پروگرام کے تحت کر رہی ہے۔میلے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے دلباغ سنگھ نے کہا کہ G20 سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے بعد ڈل جھیل مزید پرکشش نظر آ رہی ہے اور مجھے بہت خوشی ہے کہ ایک سال کے وقفے کے بعد جشن دال میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ڈی جی پی نے کہا کہ ڈل جھیل نے اپنی خوبصورتی اور دلکشی سے نہ صرف دنیا بھر سے اپنے چاہنے والوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے بلکہ اس نے ہمارے نوجوانوں کی آبی کھیلوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد کی ہے جس کا انہوں نے قومی سطح پر مختلف مقابلوں میں کامیابی کے ساتھ مظاہرہ کیا۔ بین الاقوامی سطح سطحوں پر مختلف واٹر اسپورٹس گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے واٹر اسپورٹس ایسوسی ایشن کو مدد فراہم کرنے میں ریڑھ کی ہڈی کے طور پر کام کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا برادری پر زور دیا کہ وہ ڈل جھیل کی خوبصورتی کا پیغام دنیا تک پہنچائیں۔ڈی جی پی نے کہا کہ سوک ایکشن پروگرام کے تحت جموں و کشمیر پولیس کئی کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم اور اسپانسر کرتی ہے ۔ڈی ایس جی آر آر سوین، اے کے چودھری،ی ایس جے ایم گیلانی، ایم کے سنہا، سنیل کمار،اور دیگر سینئرپولیس اور سول حکام بھی اس موقعہ پرموجود تھے۔