طارق رحیم
کپواڑہ//گورنمنٹ ڈگری کالج ہندواڑہ میں جمعہ کی علی الصبح سالانہ روڈ ریس کا انعقاد کیا گیا جو مین چوک لنگیٹ سے نکل کر کالج کیمپس میں اختتام پذیر ہوئی۔کالج کی پرنسپل پروفیسر دلروبہ ہمدانی نے صبح 6:33 بجے لنگیٹ چوک پر ایس ایچ او ہندواڑہ انسپکٹر شبیر احمد کے علاوہ دیگر معزز عہدیداروں کی موجودگی میں ریس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
چوتھے سمسٹر کے طالب علم معراج الدین احمد نے ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دوسرے سمسٹر کے طالب علم منتظر اور چوتھے سمسٹر کے طالب علم مصیب الطاف نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔کالج کے پرنسپل نے صحت مند طرز زندگی اور جذباتی تندرستی کو برقرار رکھنے کے لیے بیرونی جسمانی سرگرمیوں میں مشغول ہونے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اختتامی تقریب میں جیتنے والوں کو نقد انعامات، ٹرافیاں اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔