جلال آباد//افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب کی وجہ سے چار افراد ہلاک اور 25 دیگر زخمی ہو گئے۔یہ اطلاع ہفتہ کو یہاں جاری صوبائی حکومت کے ایک بیان میں دی گئی۔ صوبے میں جمعہ کی شب شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس سے تین بچوں سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے، بیان میں کہا گیا کہ 300 سے زائد مکانات بہہ گئے یا بری طرح تباہ ہو گئے، تباہ کن سیلاب میں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ دریں اثنا، شمالی بلخ، سمنگان، تخار، قندوز اور بغلان صوبوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں نے باغات اور پھل دار درختوں کو نقصان پہنچایا۔افغانستان کے محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں ملک کے 34 میں سے 18 صوبوں میں مزید بارشوں اور سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔