سری نگر//قومی اپوزیشن اور جموں و کشمیر کی علاقائی جماعتوں نے جمعرات کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ایک میمورنڈم پیش کیا، جس میں جموں و کشمیر میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، میمورنڈم پر دستخط کرنے والوں میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، این سی پی کے سربراہ شرد پوار اور دیگر قومی جماعتوں سیاسی رہنما شامل ہیں۔
میمورنڈم میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر گزشتہ پانچ سالوں سے قانون ساز اسمبلی اور منتخب حکومت کے بغیر ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ “آئین کے حروف اور روح کو نظر انداز کرتے ہوئے، ایک غیر نمائندہ اور غیر جوابدہ بیوروکریسی کو حکومت چلانے کی اجازت دی گئی ہے جہاں وہ عام لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہے ہیں”۔
پنچایتی انتخابات اور دیگر پی آر آئی انتخابات قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اور حکومت کا متبادل نہیں ہو سکتے ، جس کو مدِ نظر رکھ کر الیکن کمیشن آف انڈیا اسمبلی انتخابات سے گریز اور تاخیر نہیں کر سکتا۔ اگر ایسا ہوتا تو، ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کرانے کی ضرورت ہی نہ پڑتی، جیسا کہ ملک کی دیگر ریاستوں میں ہو رہے ہیں۔
میمورنڈم کے مطابق،” وزیر داخلہ اور حکومت ہند کے دیگر عہدیداروں نے ایک سے زیادہ بار کہا ہے کہ حکومت اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو کرنا ہے”۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرائے اور اسمبلی انتخابات میں تاخیر اور انکار جموں و کشمیر کے لوگوں کے بنیادی اور جمہوری حقوق سے انکار اور آئینی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہوگا۔ “تاہم ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ اسمبلی انتخابات آئین میں دیئے گئے تمام آئینی حقوق کی بحالی اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی سیاسی خواہشات کی تکمیل کی طرف پہلا اور اہم قدم ہوگا”۔
میمورنڈم میں لکھا گیا، “ہم جموں و کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں اور مختلف قومی سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کرنے والے، اس میمورنڈم پر دستخط کرنے والے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے التجا کرتے ہیں اور درخواست کرتے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر میں بغیر کسی تاخیر کے اسمبلی انتخابات کا اعلان کرے اور انتخابی شیڈول مطلع کرے تاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو جمہوری حقوق اور جمہوری اداروں تک رسائی حاصل ہو”۔
قبل ازیں، جموں و کشمیر کے رہنماو¿ں نے مختلف قومی اپوزیشن جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کے دوران جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر تبادلہ خیال کیا۔
حزبِ اختلاف کا الیکشن کمیشن آف انڈیا کو میمورنڈم: جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ