محمد بشارت
ریاسی//ریاسی ضلع کے علاقے ڈھکی کوٹ میں اس وقت سنسی پھیل گئی جب دو لڑکے پانی میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق، ضلع ریاسی کی پنچائت حلقہ ڈھکی کوٹ کی وارڈ نمبر 7 کے رہائشی دو چچیرے بھائی ایک نالہ میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گئے۔
ذرائع کے مطابق پیر کی دوپہر 19 سالہ محمد عرفان ولد غلام محمد اور 12سالہ شوکت علی ولد عبدالغنی سکنہ پران کوٹ، جو چچیرے بھائی تھے، جانوروں کو پانی پلانے کے لئے قریبی نالہ پر لے گئے ۔
انہوں نے بتایا کہ اسی دوران ایک نوجوان پاﺅں پھسلنے کے باعث پانی میں ڈوب گیا جس کوبچانے کے لئے دوسرے نے بھی پانی میں چھلانگ لگا دی ،تاہم بدقسمتی سے وہ بھی ڈوب گیا۔
واقع کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ وہاں پہنچے اور بچاﺅ کاروائی شروع کی۔
ذرائع نے بتایا کہ بچاﺅ کاروائی کے دوران دونوں نوجوانوں کی لاشیں برآمد کر لی گئیں، جس کے بعد علاقہ میں صفِ ماتم بچھ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں پولیس جائے واقع پر پہنچی اور قانونی اور طبی لوازمات مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو اہلِ خانہ کے سپرد کر دیا گیا۔جس کے بعد ہزاروں پرنم آنکھوں کی موجودگی میں انہیں سپردِ خاک کیا گیا۔