رام بن//ضلع رام بن کے سیری علاقے میں بھاری بھرکم پسی گرآنے سے ایک جے سی بی اور نجی کار میں سوار کم ازکم 7افراد زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے ایک ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ بیٹھا۔
اسی دوران سرینگر قومی شاہراہ بھی ٹریفک آمد ورفت کیلئے بند کر دی گئی ہے، تاہم ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
زرائع نے بتایا کہ سیری علاقے میں پسی کی زد میں آئی ایک نجی کار میں سوار 6 افراد ، اور ایل اینڈ ٹی آپریٹر بھی شدید طور پر زخمی ہوا ہے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا جہاں ایل اینڈ ٹی آپریٹر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق، آج سہ پہر علاقے میں اچانک بھاری بھر کم پسی گرآئی، جس کی زد میں ایک نجی کار اور جے سی بی آ گئے، کار پسی کی زد میں آکر دریائے چناب کے کنارے جاگری۔
ذرائع نے بتایا کہ گاڑیوں میں سوار کم از کم سات افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، زخمیوں کو ضلع ہسپتال رام بن منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں سے دو افراد کو جی ایم سی جموں منتقل کر دیا گیا ہے۔
جاں بحق ہوئے ایل اینڈ ٹی آپریٹر کی شناخت سرجیت سنگھ ولد شیر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمی کی شناخت محمد تاج ولد محمد اسحاق سکنہ کالاکوٹ راجوری، عبدالحمید ولد صوبا سکنہ منگلو راجوری، روبینہ بیگم زوجہ محمد شفیق، سکینہ بیگم زوجہ ریاض احمد، صائمہ بانو دختر ریاض احمد ، عامر ولد محمد شفیق سکنہ منگلو راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر ٹریفک آمد ورفت بند کر دی ہے اور ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ سے ملبہ ہٹانے اور مٹی کے تودے گرنے کا سلسلہ رکنے کے بعد شاہراہ کو ٹریفک آمد ورفت کیلئے کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شاہراہ پر سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سے شاہراہ کی صورتحال کے متعلق تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔
رام بن میں بھاری بھرکم پسی کی زد میں آکر ایل اینڈ ٹی آپریٹر ازجان، کم از کم 6 زخمی