جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک زیرِ انتظام کشمیراگلے دو سے تین سالوں کے دوران بھارت کا حصہ بن سکتا ہے۔
ہریانہ کابینہ کے وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما کمال گپتا نے روہتک ہریانہ میں تاجروں کے زیر اہتمام ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “ہم نے رام مندر کی تعمیر کے لئے راہ ہموار کی۔ ہم نے دفعہ 370 کو منسوخ کردیا۔ آج پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے مظفر آباد اور بھارت کے ساتھ انضمام کے خواہاں دیگر مقامات پر احتجاج ہو رہا ہے”۔
انہوں نے مزید کہا، “ہم 2014 سے پہلے مضبوط نہیں تھے ، لیکن اب ہم مضبوط ہوگئے ہیں۔ پاکستان نے ہمارے علاقے پر قبضہ کرلیا ہے۔ اگلے دو تین سالوں میں کسی بھی لمحے ، پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر بھارت کا حصہ بن جائے گا اور یہ صرف وزیر اعظم مودی کی حکومت کے تحت ہوگا”۔
گپتا نے راہول گاندھی کی بھارت جودو یاترا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف بی جے پی ہی بھارت کو ’وشوا گرو‘ بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، “بھارت کو متحد کرنے کے بارے میں بات کرنے والے وہی لوگ ہیں جنہوں نے ملک کو توڑ دیا۔ اگر کوئی بھارت کو وشوا گرو بنا سکتا ہے تو ، یہ بی جے پی ہے”۔
پاک زیرِ انتظام کشمیر اگلے 2سے3 سال میں بھارت کا حصہ بن جائے گا: بھاجپا لیڈر کمال گپتا