نئی دہلی//روہت شرما پہلے 2ٹیسٹ جیتنے کے بعد پراعتماد نظر آ رہے تھے۔ ایسے میں اندور ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا سے اچھی کارکردگی کی توقع کی جا رہی تھی۔ تاہم ہندوستانی ٹیم فارم کو برقرار نہیں رکھ سکی ۔ تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 109 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کوہلی نے سب سے زیادہ 22 رنز بنائے۔بائیں ہاتھ کے اسپنر میتھیو کنہمین نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 4 وکٹوں پر 156 رنز بنا لئے ہیں۔ اس طرح اس کو پہلے ہی دن 47 رنز کی برتری ملی چکی ہے ۔ اندور میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میں اب تک گرنے والی 14 وکٹوں میں سے 13 اسپنرز کو ملی ہیں جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا ہے۔ ایسے میں پہلی اننگز میں 100 رنز کی برتری اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ آسٹریلیا کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا۔ ٹریوس ہیڈ 9 رنز بنا کر رویندر جڈیجہ کا شکار بنے۔ پہلی وکٹ 12 رنز پر گرنے کے بعد عثمان خواجہ اور مارنس لبوشین نے ٹیم کو سنبھالا۔ لبوشین صفر پر جڈیجہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے تھے، لیکن یہ نو بال ہوگئی۔ دونوں نے دوسری وکٹ کیلئے 96 رنز بنائے ۔ خواجہ 60 اور لبوشین 31 رنز بنا کر جڈیجہ کا شکار بنے۔ کپتان اسٹیو اسمتھ بھی 26 رنز بنانے کے بعد جڈیجہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پیٹر ہینڈزکومب 7 اور کیمرون گرین 6 رنز بناکر پر کھیل رہے ہیں۔ اس سے پہلے روہت شرما نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ مچیل اسٹارک نے پہلے ہی اوور میں روہت کو سوئنگ سے پریشان کیا۔ پہلی ہی گیند نے روہت کے بلے کا ہلکا کنارہ لے لیا، لیکن آسٹریلیا نے ڈی آر ایس نہیں لیا۔ 3 گیندوں کے بعد اسٹارک کی اندر آتی ہوئی گیند پھر روہت کے پیڈ سے ٹکرائی اور اس مرتبہ بھی آسٹریلیا نے ڈی آر ایس نہیں لیا، جب کہ ری پلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ گیند آف اسٹمپ سے ٹکرا رہی تھی ۔