راجوری//شہید ڈی ایس پی گنشام کھجوریہ کی یاد میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ پیر کو ڈسٹرکٹ پولیس لائنز راجوری میں اختتام پذیر ہوا۔سوک ایکشن پروگرام کے تحت منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں راجوری، سندر بنی، نوشہرہ اور منجاکوٹ کی 10 ٹیموں نے حصہ لیا اور فائنل میچ سندربنی اے اور احسن واریئرز راجوری کے درمیان کھیلا گیا۔ٹیم سندربنی اے نے ٹورنامنٹ جیتا جس میں فاتح ٹیم کے پیوش شرما کو مین آف دی میچ ٹرافی سے نوازا گیا جبکہ یاسر ملک کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی اور 25 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا جبکہ رنر اپ کو ٹرافی اور 20 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔اس کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں ڈی آئی جی آر پی رینج ڈاکٹر حسیب مغل مہمان خصوصی تھے جنہوں نے شرکاء میں انعامات تقسیم کئے۔اپنے خطاب میں ڈی آئی جی آر پی رینج ڈاکٹر حسیب مغل نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نوجوانوں کی مصروفیت کے پروگراموں میں ہمیشہ سب سے آگے ہے اور مستقبل قریب میں مختلف کھیلوں میں اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے نوجوانوں سے بھی درخواست کی کہ وہ کھیلوں کے مقابلوں میں پورے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کریں۔