عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں اتوار کی بعد دوپہر پیش آئی آگ کی ایک ہولناک واردات میں آٹھ سالہ بچہ جان بحق ہوا جبکہ6 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ،یہ واقعہ ضلع ہیڈکوارٹر سے چالیس کلومیڑر دور پاڈر سڑک پر نوٹنو کے قریب پیش آیا جب گوجر بستی میں محمد حنیف ولد محمد حسین کے رہائش گاہ میں آگ لگی جس میں آٹھ سالہ بچہ محمد عرفان جھلس کر لقمہ اجل بن گیا وہیں گھر میں موجود تین بکریاں و تین گائے بھی جل کر ہلاک ہوئیں۔
زرائع نے بتایا کہ اگرچہ فوری طور آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا تاہم ضلع ہیڈکوارٹر سے فائر سروس کی ٹیم و ریڈکراس عملہ کوفوری طور جائے واقعہ کی طرف روانہ کیاگیا۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر بھی ٹیم کے ہمراہ جائے واقعہ کی طرف روانہ ہوئے ہیں۔
بی ڈی سی چیئرمین محمد اشرف نے بتایاکہ بچے کی ماں ڈیڑھ کلومیٹر دور پانی لانے کیلئے گی تاہم جب گھر میں کوئی موجود نہیں تھا یہ گھر بستی سے دوری پر واقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مواصلاتی نظام و دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔