جموں//جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے خطرے کے درمیان، سانبہ انتظامیہ نے ضلع میں کام کرنے والے غیر مقامی لوگوں کی تفصیلات متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کو لازمی قرار دے دیا ہے، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سانبہ نے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے۔
حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ گھریلو ملازموں اور کرایہ داروں کی آڑ میں رہائش پذیر لوگوں کی جانب سے ملک دشمن سرگرمیوں کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں ۔ جس سے بچنے اور ان کی شناخت کیلئے مکانات، زرعی شعبوں اور صنعتوں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 دن کے اندر کرایہ داروں کی شناخت ظاہر کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے ایک بیان میں کہا کہ تفصیلات فراہم نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔
حکم نامے میں صنعتوں، تعمیراتی کمپنیوں، کاروباری اداروں میں کام کرنے والے غیر مقامی افراد کی معلومات ڈیکلریشن فارم کے مطابق متعلقہ تھانے میں جمع کرانے کو کہا گیا ہے۔
حکم نامہ کے مطابق،ضلع سانبہ کا ہر ایس ایچ او تجارتی اداروں میں کام کرنے والے غیر مقامی افراد اور گھریلو ملازموں، کرایہ داروں کی تصدیق کرے گا اور اس مقصد کے لیے علیحدہ رجسٹر بھی رکھے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں، تجارتی اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سانبہ میں کام کرنے والے غیر مقامی افراد کی تفصیلات طلب