نئی دہلی// سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا کہ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے دفعہ 370 کی دفعات کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی فہرست پر جلد فیصلہ کیا جائے گا۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پارڈی والا پر مشتمل بنچ نے ایک فریق کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل راجو رام چندرن کی عرضیوں کا نوٹس لیا اور جس میں انہوں نے درخواستوں کی فوری سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔
چیف جسٹس آف انڈیا نے کہا،”بالکل ٹھیک…. درخواستوں کی فہرست پر جلد فیصلہ لیا جائے گا “۔
اس سے قبل گزشتہ سال 25 اپریل اور 23 ستمبر کو، اس وقت کے چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی میں ایک بنچ نے، آرٹیکل 370 کی دفعات کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کے لیے فہرست بنانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
عدالت عظمیٰ کو درخواستوں کی سماعت کے لیے پانچ ججوں کی بنچ کو دوبارہ تشکیل دینا پڑے گا کیونکہ سابق سی جے آئی رمنا اور جسٹس آر سبھاش ریڈی جو ان پانچ ججوں کی بنچ کا حصہ تھے جس نے درخواستوں کی سماعت کی تھی، ریٹائر ہو چکے ہیں۔
دو سابق ججوں کے علاوہ، جسٹس سنجے کشن کول، جسٹس بی آر گوائی اور سوریہ کانت اس بنچ کا حصہ تھے جس نے 2 مارچ 2020 کو سات ججوں کی ایک بڑی بنچ سے رجوع کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
دفعہ 370 اور جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کی دفعات کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی متعدد درخواستیں، جس نے جموں و کشمیر کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا تھا، کو 2019 میں اس وقت کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے جسٹس رمنا کی سربراہی میں ایک آئینی بنچ کے پاس بھیجا گیا تھا۔
این جی او، پیپلز یونین آف سول لبرٹیز (پی یو سی ایل)، جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، اور ایک مداخلت کار نے اس معاملے کو بڑی بنچ کے پاس اس بنیاد پر بھیجنے کی مانگ کی تھی کہ عدالت عظمیٰ کے دو فیصلے – پریم ناتھ کول بمقابلہ جموں و کشمیر۔ 1959 اور سمپت پرکاش بمقابلہ جموں و کشمیر 1970 – جو آرٹیکل 370 کے معاملے سے نمٹتے تھے ایک دوسرے سے متصادم تھے اور اس وجہ سے پانچ ججوں کی موجودہ بنچ اس معاملے کی سماعت نہیں کر سکی۔
عرضی گزاروں سے اختلاف کرتے ہوئے بنچ نے کہا تھا کہ اس کی رائے ہے کہ ”فیصلوں کے درمیان کوئی تضاد نہیں ہے“۔
عدالتِ عظمیٰ دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف دائر عرضیوں کی جلد سماعت پر راضی