نئی دہلی//کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے پیر کو جموں و کشمیر میں جاری انسداد تجاوزات مہم کو لے کر حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ امن اور اعتماد کے لیے ضروری ہے کہ عام لوگوں کی بات سنی جائے نہ کہ “ان کے حقوق کو بلڈوزر سے کچلا جائے”۔
ایک ٹویٹ میں پرینکا گاندھی نے الزام لگایا کہ لداخ میں اپنے آئینی حقوق کی بحالی کا مطالبہ کرنے والے لوگوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے دعویٰ کیا کہ ’’کشمیر میں عام لوگوں کی باتوں پر دھیان دیئے بغیر ان کے گھروں کو بلڈوز کیا جارہا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا،”ملک لوگوں سے بنتا ہے۔ امن اور اعتماد کے لیے ضروری ہے کہ عام لوگوں کی بات سنی جائے اور ان کے حقوق کو بلڈوزر کے نیچے نہ کچل دیا جائے‘‘۔
انہوں نے جموں و کشمیر میں بے دخلی مہم پر مختلف میڈیا رپورٹس کے اسکرین شاٹس کو بھی ٹیگ کیا۔
یاد رہے کہ جموں وکشمیر حکومت کی جانب سے جموں وکشمیر بھر میں تجاوزات کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے، جس دوران تجاوزات کے نام پر لوگوں کے گھروں اور تجارتی مراکز کو بلڈوز کر کے انہیں بے گھر اور بے روزگار کیا جا رہا ہے۔
کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جیسی بڑی سیاسی جماعتوں نے بھی اس مہم کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اسے فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جموں و کشمیر میں لوگوں کے حقوق کو بلڈوزر سے نہ کچلاجائے:پرینکا گاندھی