جموں//جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے چیئرمین مبارک گل نے اس بات پر سخت تشویش کااظہار کیا ہے کہ جموںوکشمیر میں منشیات کااستعمال ایک وباء کی طرح پھیل رہاہے۔ انہوںنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات کی لت کے خاتمہ کیلئے سینہ سپر ہوجائیں۔ مبارک گل نے نوجوانوں سے تلقین کی کہ وہ نشے کی لت سے دوررہیںاور اس کے خلاف جنگ شروع کی جائے۔ مبارک گل نے کہاکہ منشیات اور اس کا دھندہ کرنے والوں کیخلاف اگر جنگ شروع نہیں کی جائے گی تو یہ سماج کو دھیمک کی طرح کھوکھلا کردے گا جس سے سماج کے تانے بانے بکھرنے کا احتمال ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایسا معلوم پڑتا ہے کہ منشیات سمگل کرنے کیلئے مرتکبین نئے اوراوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے نشہ کرنے والوںکے دروازوں پر یہ زہر پہنچارہے ہیں اور ستم ظریفی یہ ہے کہ انتظامیہ اور خاص کرپولیس اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے عوام کی امیدوں پر پورانہیں اترتی ہے۔ سابق سپیکر نے کہاکہ کوریر سروسز کی جانچ پڑتال نہیں کی جاتی اور انہیں مقررہ مقامات تک پہنچانے کے راستوں پر کوئی چیکنگ نہیں کی جاتی اور نہ ہی سکینروںاور نہ ہی سونگھنے والے کتوں کی خدمات کوبروئے کار لایا جاتا ہے۔ مبارک گل نے کہاکہ آدھے سے زیادہ مسائل کو کوریر سروسز فراہم کرنے والوں ، کارگو ایکسرے، خواب آور ادویات جیسے کپسول، ائر لائنز کے ذریعہ پہنچانے کے راستوں اور بیجنے والوں کی جوابدہی اور رہنما خطوط استوار کرنے سے حل ہوسکتے ہیں ۔ریلی سے جموںوکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کے صوبائی چیئرمین کے ایل ابرول اور جے کے آر ڈی ایس کی معاون تنظیم پیپلز ہیلپ گروپ کے چیئرمین یونس مبارک گل نے بھی منشیات کے استعمال اور اس سے لوگوں کی زندگیوں پر منفی اثرات پڑنے کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ منشیات کے مضر اور جان لیوا اثرات سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے منڈا زو سے لیکر ستواری گاندھی چوک ریلی نکالی گئی جس میں سوسائٹی کے ذمہ داروں اورکارکنوںنے شرکت کی۔