نیوز ڈیسک
جموں// جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں ضلعی انتظامیہ نے ملک مارکیٹ میں ہفتے کے روز سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ انسداد تجاوزات مہم دوبارہ شروع کی جس دوران ایک شاپنگ کمپلیکس کو مسمار کیا گیا۔بتادیں کہ گزشتہ ہفتے شاپنگ کمپلیکس کو مسمار کرنے کے دوران تشدد بھڑک اْٹھا تھا جس دوران سیکورٹی فورسز نے تشدد پر اْتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کی خاطر ٹیر گیس شلنگ کی تھی۔پولیس نے پتھر بازی میں ملوث عاپ لیڈر سمیت آٹھ کی بھی گرفتاری عمل میں لائی۔معلوم ہوا ہے کہ ہفتے کی صبح سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ ضلعی انتظامیہ جموں نے (ایم جی ہیکٹر )شو روم کو منہدم کیا۔ پورے ملک مارکیٹ میں پیرا ملٹری فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی جبکہ شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کو بھی روک دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مارکیٹ میں ایک کار شو روم کو منہدم کرنے کے لئے تین جی سی بیز کو کام پر لگا دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ انہدامی کارروائی سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ انجام دی گئی اور ٹریفک کو بھی موڑ دیا گیااو ر اس مہم میں کار شو روم کمپلیکس کو مکمل طور زمین بوس کیاگا۔قبل ازیں گذشتہ ہفتے جب اس مارکیٹ میں انسداد تجاوزات مہم شروع ہوئی تھی تو وہاں مظاہرے بھڑک اٹھے تھے اور احتجاجیوں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا تھا جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔پولیس نے پتھراؤ کے بعد نو لوگوں کو حراست میں لیا تھا۔بتادیں کہ انتظامیہ نے صوبہ جموں میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران اب تک 23 ہزار ایکڑ اراضی بازیاب کی ہے۔