یواین آئی
سری نگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے ہفتے کے روز کہاکہ انتظامیہ کو کوئی حق نہیں کہ وہ لوگوں کو ان کی زمینوں سے نکالے۔
انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے اگلی سرکار بنائی تو ہم انتظامیہ کی طرف سے عوام مخالف لئے گئے تمام فیصلوں کو واپس کریں گے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا
انہوں نے کہاکہ ہماری جہدوجہد ان عناصر کے ٰخلف جو کہ مذہب اور خط کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے پروگرام میں موجود لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا” ہم آپ کو آپ کی اپنی حکومت دینا چاہتے ہیں جوکہ دونوں خطوں کو یکساں ترقی یقینی بنائے کیونکہ دونوں خطوں کے لوگ ایک جیسی مشکلات کا شکار ہیں اور اِن مسائل کا حل بھی یکساں ہے“۔
انسداد ِ تجاوزات مہم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ حکومت کے پاس غیر قانونی رہائشی بستیوں کو ریگولر آئز کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ یہاں تک کہ دہلی میں بھی حکومت نے وقتاًفوقتاً ایسی کالونیوں کو ریگولر آئزڈ کیا ہے لیکن ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ انہیں غریب لوگوں کے مسائل کی سمجھ نہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ منتخب حکومت ہی غیر قانونی کالونیوں سے متعلق کوئی فیصلے لے گی۔ انتظامیہ کو کوئی حق نہیں کہ وہ لوگوں کو ان کی زمینوں سے نکالے۔ اگر ہم نے اگلی سرکار بنائی تو ہم انتظامیہ کی طرف سے عوام مخالف لئے گئے تمام فیصلوں کو واپس کریں گے جن میں دربار مو کی روایت کا خاتمہ اور انسداد تجاوزات مہم شامل ہے۔
انہوں نے جموں وکشمیر کی عوام کو یقین دلایاکہ”ہم کسی بھی غیر مقامی کو جموں وکشمیر میں آباد ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
جموں وکشمیر کی سرزمین ، سابقہ ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کی ہی ہے“۔اس موقع پر انہوں نے فرقہ وارانہ اور علاقائی خطوط پر جموں وکشمیر کے امن کو خراب کرنے اور انسداد تجاوزات مہم کے ساتھ لوگوں کے جذبات اکسانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن بنائے رکھیں۔
انہوں نے ناجائز تجاوزات مخالف مہم کے دوران انتظامیہ کے رویہ کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔