گلمرگ//کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے تیسرے ایڈیشن کے دوسرے دن ہونے والی برف باری اور ہوا کے درمیان، جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے زیر اہتمام گلمرگ کی ڈھلوان پر مختلف زمروں میں کئی ایونٹس کا انعقاد کیا گیا۔گالف کلب میں دن کے لیے شیڈول گیمز کراس کنٹری 15 کلومیٹر سپرنٹ سینئر مرد، کراس کنٹری 10 کلومیٹر سپرنٹ سینئر خواتین، کراس کنٹری 2 کلومیٹر سپرنٹ جونیئر بوائز، کراس کنٹری 1.5 کلومیٹر اسپرنٹ جونیئر گرلز، بوبسلائنگ اینڈ سکیلیٹن اور سنو شو لمبی دوری کے مقابلے تھے۔ آئس ہاکی اور آئس سکیٹنگ کے مقابلے رنک گلمرگ میں منعقد ہوئے۔پہلے مرحلے میں جموں و کشمیر سکی ماونٹینیرنگ ایسوسی ایشن نے سپرنٹ ویمن مقابلے کا انعقاد کیا جس میں ہماچل پردیش کی دیویا ٹھاکر نے پہلی، مہاراشٹر کی ایشانی ساونت نے دوسری جبکہ اتر پردیش کی کاجول سکسینہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ .اسی طرح آئس اسٹاک مردوں کے مقابلے میں مہاراشٹر نے سونے، دمن اور دیو نے چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ راجستھان اور کرناٹک نے کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔اسی کھیل کے خواتین کے زمرے میں لداخ نے سونے، مہاراشٹر نے چاندی، جموں و کشمیر (بی) اور پنجاب نے ایک ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔آئس ہاکی میں تین میچ کھیلے گئے جس میں آرمی نے UT J&K کو ، AIPSCB نے ہماچل کو اور UT لداخ نے UT J&K کو شکست دی۔ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے کھلاڑیوں نے گیمز میں شرکت کے بعد خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنا تجربہ شیئر کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ کھیلو انڈیا کے یہ سرمائی کھیل انہیں اولمپک کھیلوں میں کارکردگی دکھانے کے لیے حوصلہ افزائی اور تجربہ فراہم کریں گے۔راجستھان کے ایک کھلاڑی نے کہا کہ کھیلو انڈیا انہیں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے اور اپنی ریاست کا سر فخر سے بلند کرنے کے لیے کامیابی حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔