سری نگر//یواین آئی//سری نگر کے برین نشاط علاقے سے تعلق رکھنے والی نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کیڈٹ فضہ شفیع کو امسال رکشا منتری کمنڈیشن کارڈ سے نوازا گیا۔فضہ شفیع گرلز ہائیر سکنڈری اسکول نشاط میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہے اور وہ جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری کی واحد طالبہ ہے جس کو جموں وکشمیر این سی سی گرلز یونٹ سری نگر کے تحت نمایاں کارکردگی انجام دینے پر اس اعلیٰ درجے کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے 21 جنوری کو دہلی کینٹ میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے یوم جمہوریہ کیمپ کا دورہ کرنے کے دوران موصوف کیڈٹ کو اس اعزاز سے نوازا۔ ہائیر سکنڈری کے پرنسپل غلام محی الدین شیخ اور دوسرے تدریسی و غیر تدریسی عملے نے اپنے اسکول کی اس ہونہار طالبہ کو اسکول اور جموں وکشمیر کا نام روشن کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ فضہ شفیع ایک ہونہار این سی سی کیڈیٹ کے علاوہ کھیل کے دیگر میدانوں جیسے کھو کھو، بیڈ منٹن اور جھیل ڈل کی صفائی ستھرائی اور روڈ سیفٹی مہموں میں بھی حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتی ہے۔بتادیں کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 21 جنوری کو دہلی کینٹ میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے یوم جمہوریہ کیمپ کا دورہ کیا اور کیڈٹس کو ان کی مثالی کارکردگی اور ڈیوٹی کے تئیں لگن کے لیے رکشا منتری پدکاور تعریفی کارڈ سے نوازا گیا۔امسال رکشا منتری پدک سے شمال مشرقی ریجن ڈائریکٹوریٹ کے انڈر آفیسر ٹنگگیوچائل نریمے اور راجستھان ڈائریکٹوریٹ کے کیڈٹ اویناش جانگیر کو سر فراز کیا گیا۔اس کیمپ میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے قریب2 کیڈس شرکت کر رہے ہیں۔