نیوز ڈیسک
جموں//سانبہ اور کٹھوعہ میں دو دلخراش سڑک حادثات میں میاں بیوی سمیت 7افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 15دیگر زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مبطابق جموں و کشمیر پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اہلیہ سمیت سانبہ ضلع کے بڑی برہمنا میں سڑک حادثے میں لقمہ اجل بن گیا۔پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی برانچ سول سیکرٹریٹ جموںمیں تعینات اے ایس آئی سریندر کمار اپنی بیوی نیما دیوی کے ساتھ اپنی موٹرسائیکل پر جا رہے تھے جس کا رجسٹریشن نمبر JK02BG-3937 تھا جب انہیں بڑی برہمنا کے سرور اڈہ کے قریب ایک ٹرک نے ٹکر مار دی۔پولیس نے کہا کہ”شوہر اور اس کی بیوی دونوں موقعہ پر ہی مارے گئے” ۔پولیس کے مطابق ایف آئی آر نمبر 11 آف 2023 سیکشن 279 اور 304-A آئی پی سی کے تحت پولیس اسٹیشن بڑی برہمنا میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس دوران اکھنور کے جوڑیاں علاقے میں ایک سڑک حادثہ میں ایک نابالغ لڑکی کی موت ہو گئی اور دو دیگر طالب علموں کو کئی شدید چوٹیں آئیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک تیز رفتار سوئفٹ کار جس کا رجسٹریشن نمبر JK02-CM-1378 تھا ، اکھنور سے جوریاں کی طرف جارہی تھی۔پولیس نے کہا”کار نے مبینہ طور پر فیض پبلک سکول، کوٹ گڑھی کے قریب تین پیدل چلنے والے طلباء کو ٹکر ماری۔ یہ طلباء اپنی ٹیوشن کلاسز میں شرکت کے بعد گھر واپس جا رہے تھے‘‘ ۔اس سے پہلے کہ گاڑی رکتی، وہ موقع سے فرار ہو گیا تاہم زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں پون کمار کی بیٹی میتالی شرما (عمر13/14سال)، دھرو شرما (14/15سال) ولد ستیش شرما اور کیشو شرما (14/15سال) ولد تلک راج ساکنان گاؤں گڑھا برہمن بالے دا باغ شامل تھے۔ایس ڈی ایچ اکھنور سے کیشو شرما نامی زخمی کو جدید علاج کے لیے جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ تاہم میتالی شرما زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایس ڈی ایچ اکھنورمیں چل بسیں جب کہ دو دیگر اب بھی اپنی زندگی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ادھرکٹھوعہ ضلع کی بلاور تحصیل کے دھنو پارول علاقے میں گزشتہ شام ایک ٹیمپو گہری کھائی میں گرنے سے 5 مسافروں کی موت ہو گئی اور 15 دیگر زخمی ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ شام پولیس سٹیشن بلاور کے دائرہ اختیار میں پیش آیا۔ معلوم ہوا ہے کہ مسافروں کو لے کر ایک ٹیمپو میکسی کیب زیر رجسٹریشن نمبر JK06-2992 کوگ سے دھنو پیرول جا تے ہوئے دھنو پیرول کے قریب سیلا پہنچنے پر پھسلن کی وجہ سے 100-150 میٹر گہری کھائی میں جا گرا ۔مقامی افراد نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ بعد ازاں ایس ایچ او سنیل شرما کی قیادت میں پولس تھانہ بلاور کی ایک ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن میں شامل ہوگئی۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر ہی چار مسافروں کی لاشیں نکال لیں جبکہ شدید زخمی 16 مسافروں کو بچا کر طبی امداد کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) بلاور منتقل کر دیا گیا۔بعد ازاں زخمیوں میں سے ایک کاکو رام ولد کرشن چندساکن دھنو پیرول ایس ڈی ایچ بلاور میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔ دیگر چار مرنے والوں کی شناخت بنتو ولد ایشر داس ساکنہ وارڈ نمبر 9 (پڈیتھر)، ہنس راج ولد منشی رام ساکنہ وارڈ نمبر 9 (پڈیتھر)، اجیت سنگھ (32) ولد رام چند ساکنہ دھنو پیرول اور امرو زوجہ ہنس راج ساکن وارڈ نمبر 4 (بتھوڈی) کے طور ہوئی ہے۔زخمیوں کی شناخت لیاقت علی (10سال) ولد نامی دین ساکنہ دھنو پیرول، جیوتی (22سال) زوجہ دیپ کمار ساکنہ دھنو پیرول، دیپ کمار (28سال) ولد ٹھاکر سنگھ ساکنہ دھنو پیرول، پریتو دیوی (40سال)زوجہ رتن سنگھ ساکن دھنوپیرول ، دھنو پیرول کے شنکر داس کی بیوی سنتو دیوی (50سال)، پڈوڈی کے پریم چند کا بیٹا سدیش کمار (30سال)، بنجل بھڈوال کے پکھ راج کا بیٹا کھیم راج (18سال)، کیول (25سال ) ولدرتن چندساکن دھنوپیرول، دھنو پیرول کے نامی دین کی بیوی ریشما بیگم (25سال)، دگنی کے سنجے کمار کی بیوی نیلم (40سال)، سنجے کمار (45سال) ولد ہنس راج دگنی، سریندر کمار (24سال)ولدرمیش کمارساکن بنجال بھڈوال ، پڈوڈی کے بھگت رام کا بیٹا رمیش کمار (45سال)، دھنو پیرول کے کرشن چند کا بیٹا کاکو رام (40سال)، پڈوڈی کے ہنس راج کا بیٹا امرک چند (27سال) اور دلیپ سنگھ (26) ولدکرتار سنگھ ساکن بنجال بھڈوال کے طور ہوئی ہے ۔ریشما بیگم اور نیلم نامی دو مسافر جنہیں شدید چوٹیں آئی تھیں،کو بعد میں خصوصی علاج کے لیے ایس ڈی ایچ بلاور سے گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ ریفر کیا گیا۔اس سلسلے میں تھانہ بلاور میں مقدمہ درج کرکے افسوسناک حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
سانبہ اور کٹھوعہ سڑک حادثات میں میاں بیوی سمیت7افراد ہلاک | 15زخمی،جوڑیاں حادثہ میں کمسن بچی فوت،2دیگر طالبعلم شدید زخمی