جموں//جموں وکشمیر میں خراب موسمی صورتحال اور بارشوں کے درمیان کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعہ کو کٹھوعہ ضلع کے ہٹلی موڑ سے اپنی بھارت جوڑو یاترا شروع کی۔
گاندھی نے سفید ٹی شرٹ پر سیاہ برساتی کوٹ پہنا۔ یاترا صبح سات بجے شروع ہونا تھی لیکن خراب موسم کی وجہ سے بظاہر ایک گھنٹہ پندرہ منٹ کی تاخیر ہوئی۔
پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے صدر وقار رسول وانی اور جی اے میر سمیت کانگریس کے کئی رہنما، بھارت جوڑو یاترا کے آخری مرحلے کے دوران راہول گاندھی کے ساتھ ہیں۔
شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر سنجے راوت نے کہا، ”میں اپنی پارٹی کی طرف سے یاترا میں شامل ہونے آیا ہوں۔ ملک کا ماحول تیزی سے بدل رہا ہے اور میں گاندھی کو ایک ایسے لیڈر کے طور پر دیکھ رہا ہوں جو حقیقی مسائل پر اپنی آواز اٹھا رہے ہیں۔ ”لوگ جس طرح سے اس یاترا سے جڑ رہے ہیں وہ دل کو چھونے والا ہے۔ وہ لیڈر ہیں اور اسی لیے سڑکوں پر ہیں“۔
بھارت جوڑو یاترا جمعرات کو لکھن پور سے ہوتے ہوئے جموں و کشمیر میں داخل ہوئی تھی اور پرچم کشائی کی تقریب کے بعد رات کو وہیں قیام کیا۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ سمیت سرکردہ لیڈروں نے شرکت کی۔
پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں پر مشتمل ایک سخت حفاظتی دستہ گاندھی کے ارد گرد تعینات کیا گیا جب وہ جمعہ کی صبح ہونے والی بارش کے باوجود اپنے حامیوں کے ساتھ چلنے لگے۔
لکھن پور سے بھارت جوڑو یاترا کا آغاز، سنجے راوت سمیت کئی لیڈران شامل