نئی دہلی// کلدیپ یادو اور محمد سراج کی شاندار گیندبازی کے بعد ہندوستان نے کے ایل راہل کی نصف سنچری کی بدولت سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ روہت شرما اینڈ کمپنی نے اس کے ساتھ ہی 3 میچوں کی سیریز بھی جیت لی۔ ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر 15 ویں دو طرفہ ون ڈے سیریز جیتی ہے۔ سری لنکا کی جانب سے دئے گئے 216 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے 43.2 اوورز میں 6 وکٹوں نے نقصان پر جیت حاصل کر لی۔ کے ایل راہل نے 5ویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے ‘ٹربل شوٹر’ کا کردار ادا کیا اور ناٹ آوٹ نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 93 گیندوں میں نصف سنچری پوری کی۔ راہل نے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری بنائی۔ہدف کے تعاقب میں روہت شرما اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے محتاط آغاز کیا۔ دونوں نے 33 رنز کی شراکت داری کی۔ گوہاٹی ون ڈے میں نصف سنچری بنانے والے روہت شرما دوسرے ون ڈے میں 17 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اگلے اوور میں شبھمن گل بھی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ وراٹ کوہلی نے بھی مایوس کیا۔ وراٹ 4 کے اسکور پر لہیرو کمارا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔شریس ایئر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کے ایل راہل نے ہاردک پانڈیا کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے 5ویں وکٹ کے لئے 75 رنز کی شراکت داری کی۔ پانڈیا 53 گیندوں میں 36 رنز بناکر بعد آؤٹ ہوئے۔ ہاردک کے آؤٹ ہونے کے بعد کے ایل راہل کو اکشر پٹیل کا ساتھ ملا۔ ان دونوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے میچ کے ساتھ ساتھ سیریز جیتنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔اس سے پہلے کولکاتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔سری لنکا کی جانب سے اپنا ڈیبیو کرنے والے نوانیڈو فرنانڈو نے اپنے پہلے ہی میچ میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 63 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 50 رن بنائے ، جبکہ کوسل مینڈس نے 34 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 34 رنوں کا تعاون کیا۔ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد سری لنکا نے اچھی شروعات کی۔ محمد سراج کی گیندپر اوشکا فرنانڈو (17 گیند، چار چوکے ، 20 رنز) کے بولڈ ہونے کے بعد بھی فرنانڈو اور مینڈس نے اننگ کی رفتار کو رکنے نہیں دیا اور پاور پلے میں 51 رنزجوڑ لئے ۔فرنانڈو نے 12ویں اوور میں عمران ملک کو دو چوکے لگا کر اننگ کی رفتار میں اضافہ کیا، جبکہ مینڈس نے دواوور بعدعمران کی شارٹ گیند پرچھکا لگایا۔ فرنانڈو مینڈس نے دوسرے وکٹ کے لیے 73 رنز جوڑے ۔ سری لنکا کو مضبوط پوزیشن سے نکالنے کے لیے ہندوستان کو وکٹوں کی ضرورت تھی اور کپتان روہت شرما نے گیند اسپنرز کے حوالے کر دی۔ کلدیپ نے اپنے پہلے ہی اوور میں مینڈس کا وکٹ نکالا، جبکہ اکشر پٹیل نے اگلے اوور میں دھننجے ڈی سلوا کو صفر پر پویلین کا راستہ دکھایا۔ فرنینڈو نے اننگ کی 62 ویں گیند پر اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن اگلی ہی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے ۔ اس کے بعد کلدیپ نے چریت اسلانکا (15) اور کپتان داسن شاناکا (2) کو آؤٹ کرکے سری لنکا کے مڈل آرڈر کی کمر توڑ دی۔صرف 24 رن کے وقفے میں پانچ وکٹ گرنے کے سبب سری لنکا مشکل میں پڑ گیا۔ وانندو ہسرنگا (17 گیند، تین چوکے ، ایک چھکا، 21 رن) اور چمیکا کرونارتنے (25 گیند، تین چوکے ، 17 رن) نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے لیکن عمران کی رفتار کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ عمران نے نچلے آرڈر کے دونوں بلے بازوں کو بیک ورڈ پوائنٹ پر کھڑے اکشر پٹیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔آخر میں، ڈونتھ ویلالگے اور کاسن راجیتا نے نویں وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت داری کرکے سری لنکا کو 215 رنز تک پہنچا دیا۔ راجیتھا 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سراج نے 40ویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر ویلالگے (32) اور لہیرو کمارا کو آؤٹ کر کے سری لنکا کی اننگز کا خاتمہ کیا۔سراج نے اپنے 5.4 اوور میں 30 رنز دے کر تین وکٹ لیے ۔ کلدیپ نے 10 اوور میں 51رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمران کو دو اور اکشر کو ایک وکٹ ملا۔