یو این آئی
گوہاٹی// بھارت نے ویراٹ کوہلی(113) کی شاندار سنچری اور کپتان روہت شرما (83) اور شبھمن گل (70) کی نصف سنچریوں کی بدولت منگل کے روز پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 67 رن سے شکست دے دی۔
ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے 374 رن کا ہدف دیا جس کے جواب میں سری لنکا 50 اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 306 رن ہی بنا سکی۔
روہت اور گل نے پہلی وکٹ کے لیے 143 رن کی سنچری اسٹینڈ کے ساتھ ہندوستان کو مضبوط آغاز فراہم کیا، جب کہ کوہلی کی سنچری نے مضبوط آغاز کو بڑے اسکور میں بدل دیا۔
کوہلی نے 87 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 113 رنز بنا کر ون ڈے کرکٹ میں اپنی 45ویں سنچری بنائی۔ بین الاقوامی کرکٹ میں یہ ان کی 73ویں سنچری ہے۔ اس کے ساتھ کوہلی (9) سری لنکا کے خلاف سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن تندولکر (آٹھ) کے پاس تھا۔
سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے 108 رنز بنا کر ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی جب کہ سری لنکا کے کسی دوسرے بلے باز کے پاس ہندوستان باولنگ کا جواب نہیں تھا۔ شاناکا کی سنچری نے میچ کو دلچسپ بنا دیا، حالانکہ یہ سری لنکا کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے کافی نہیں تھا۔
ہندوستان کی جانب سے عمران ملک نے سب سے زیادہ تین جبکہ محمد سراج نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ یوزویندر چہل، ہاردک پانڈیا اور محمد شامی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔