جدہ //لیجنڈری فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے منگل کو مارسول پارک سٹیڈیم کے النصر کلب میں ایک سرکاری استقبالیہ میں شرکت کی۔ عرب نیوز کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو دو سالہ معاہدے کئے اور مداحوں اور میڈیا سے ملاقات کی۔پرتگالی سٹار پیر کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ریاض پہنچے تھے۔ جب سے کھیلوں کے شاندار معاہدے کا اعلان ہوا ہے رونالڈو کے نام اور ٹریڈ مارک نمبر 7 کی شرٹس مملکت میں اْڑ رہی ہیں۔ رونالڈو کا پیر کی شام النصر کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مصلی الممر، ان کے نائب عبداللہ العمرانی اور کلب کے سی ای او احمد الغامدی کے علاوہ بچوں کے ایک گروپ نے استقبال کیا۔رونالڈو نے ایک ٹی وی انٹرویو میں مانچسٹریونائیٹڈ کلب کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد اسے چھوڑ دیا تھا۔اس سٹیڈیم میں25 ہزار افراد کی گنجائش ہے۔رونالڈو کا یہ قدم ان کے شاندار کیریئر کے تازہ ترین اور ممکنہ طور پر آخری باب سعودی عرب کے ہمسایہ ملک قطر میں ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل سے باہر ہونے کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے ، جہاں ان کے عظیم حریف لیونل میسی نے ارجنٹینا کے ساتھ ٹرافی اٹھائی تھی۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک عہدیدار نے بتایا کہ النصرکلب کو توقع ہے کہ نقاب کشائی کے موقع پرسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوا ہوگا۔ سعودی لیگ چیمپیئن میں نو بار فاتح النصر کلب نے رونالڈو کے معاہدے کو ’تاریخ رقم کرنے سے زیادہ‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان سے لیگ کے باقی حصے بلکہ ملک پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔ مانچیسٹر یونائیٹڈ نے ورلڈ کپ کے دوران رونالڈو کے معاہدے کو ایک دھماکہ خیز انٹرویو کے بعد ختم کر دیا تھا۔ اس انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں کلب کی طرف سے ’دھوکے کا احساس ہوا‘ اور وہ کوچ ایرک ٹین یاگ کا کوئی احترام نہیں کرتے۔ کرسٹیانو رونالڈو کے مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ کر مملکت کی فٹبال کلب النصر سے معاہدے کرنے کے بعد النصر ایف سی کی سوشل میڈیا کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر صارفین کی تعداد ساڑھے تین ملین سے زائد ہو گئی ہے۔ عرب نیوز کے مطابق عظیم فٹبالر کی طلسماتی شخصیت اور دنیا بھر میں شائقین کی پسندیدگی کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹوئٹر پر النصر کے فالوورز کی تعداد میں صرف ایک دن میں 8 لاکھ 34 ہزار سے بڑھ کر ملین میں پہنچ گئی تھی۔