کراچی//سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 449 رنز کے جواب میں تین وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لیے۔ کھیل کے اختتام پر امام الحق 74 رنز اور سعود شکیل 13 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر عبداللہ شفیق 19 رنز اور شان مسعود 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان بابراعظم بھی 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ ٹام بلنڈل (51) اور میٹ ہنری (ناٹ آؤٹ 68) کی نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے منگل کو پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 449 رنز بنالئے ۔بلنڈل اور ہنری کے علاوہ اعجاز پٹیل نے 35 رنز بنائے ، جبکہ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے چار اور آغا سلمان و نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔نیوزی لینڈ نے دوسرے دن کا آغاز 309/6 کے اسکور سے کرتے ہوئے بغیر کوئی رن جوڑے ایش سودھی (11) کا وکٹ گنوا دیا۔ نیوزی لینڈ آل آؤٹ ہونے کے دہانے پر تھا لیکن بلنڈل، ہنری اور پٹیل کی اننگز نے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کرنے کا کام کیا۔بلنڈل نے اپنے کیریئر کی آٹھویں نصف سنچری اسکورکرتے ہوئے کپتان ٹم ساؤتھی کے ساتھ 31 رنز جوڑے ۔ بلنڈل نے 108 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے ، جبکہ ساؤتھی نے 10 رنوں کا تعاون کیا۔ ابرار نے دونوں بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد ہنری نے پٹیل کے ساتھ مل کر 10ویں وکٹ کے لیے 104 رنز کی زبردست شراکت داری کی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 10ویں وکٹ کے لیے 27ویں سنچری شراکت ہے ۔ ہنری پٹیل کے درمیان 25 اوورز تک جاری رہنے والی اس شراکت نے نیوزی لینڈ کو مضبوط اسکور تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں کو تھکانے کا کام کیا۔ ہنری نے 81 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 68 رنز بنائے جبکہ پٹیل نے ابرار کا شکار ہونے سے قبل 78 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے ۔