سری نگر//جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی عالمی سطح کی ووشو ایتھلیٹ آئرہ چشتی نے آٹھویں عالمی جونیئر ووشو چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیت کر ملک اور جموں وکشمیر کا نام روشن کیا ہے۔
آئرہ انڈونیشیا کے بینٹن میں منعقدہ عالمی مقابلے میں میکنزی میڈل جیتنے والی جموں و کشمیر کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔
چشتی نے مسلسل قومی سطح پر تمغے جیتے ہیں اور کئی قومی سطح کے کیمپوں میں شرکت کی ہے۔ اس سے قبل، اُنہوں نے جارجیا میں بین الاقوامی ووشو چیمپئن شپ میں بھارت کے لیے طلائی تمغہ جیتا تھا۔
مقابلہ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چشتی نے کہا کہ عالمی مقابلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اور جیتنا ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ “میں بہت خوش ہوں کہ میں نے اپنے ملک اور جموں و کشمیر کے لیے تمغہ جیتا ہے”۔
آئرہ چشتی کے والد رئیس چشتی نے اسے ایک بڑی کامیابی اور ان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا، ’’یہ میرے اور میرے پورے خاندان کے لیے قابل فخر لمحہ ہےــ”۔
اُنہوں نے کہا،”مجھے واقعی میں اپنی بیٹی پر فخر ہے کہ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی جموں و کشمیر کی پہلی لڑکی بنی ہے۔ میری بیٹی اس سے پہلے بھی ملک کے لیے قومی اور بین الاقوامی اعزاز حاصل کر چکی ہے اور مجھے اس پر فخر ہے”۔
اس موقع پر آئرہ کے کوچ عاصف نے ووشو ایسوسی ایشن آف انڈیا اور ووشو ایسوسی ایشن آف جموں و کشمیر کے سی ای او کلدیپ ہنڈو کا شکریہ ادا کیا۔
عاصف نے کہا، “آپ سب کا بہت بہت شکریہ، حقیقی ٹیلنٹ کو پہچاننے کے لیے، یہ میرے جیسے کوچ کے لیے ایک خواب کے سچ ہونے کی طرح ہے۔ ہم نے بہت سی مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود یہ دوبارہ کر دکھایا۔ اب بھی بہت سے مقاصد حاصل کرنے ہیںـ”۔
جموں وکشمیر کی آئرہ چشتی نے ووشو چیمپئن شپ میں تمغہ جیت کر رقم کی تاریخ