کراچی //انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم بابر اعظم اور سعود شکیل کی نصف سنچریوں کے باوجود 79 رنز کے خسارے کے ساتھ 202 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ مہمان ٹیم نے دوسرے روز کے اختتام پر 5 وکٹوں پر 202 رنز بنا کر مجموعی برتری 281 رنز کرلی۔ملتان میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز چائے کے وقفے تک انگلش ٹیم کو 168 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، انگلینڈ کی جانب سے اوپنر زیک کرالی 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ ول جیکس 4 اور جو روٹ 21 رنز بنا کر ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد کا شکار بنے۔بین ڈوکیٹ نے شان دار نصف سنچری بنائی اور انگلینڈ کا اسکور 147 رنز تک پہنچایا مگر ابرار احمد نے ان کو آؤٹ کر کے دوسری اننگز میں اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔اولی پوپ ہیری بروکس کا ساتھ دینے آئے تاہم رنز بنانے کی غیرضروری کوشش کے دوران محمد نواز اور محمد رضوان کے گٹھ جوڑ کا نشانہ بنے۔انگلینڈ کی پانچویں وکٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے اولی پوپ کی صورت میں 155 رنز پر گری۔ ہیری بروکس نے سیریز میں زبردست فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری مکمل کی۔