نئی دہلی//یو این آئی// نیشنل یونائیٹڈ نے ہفتہ کو دہلی سینئر ڈویژن لیگ کے یک طرفہ مقابلے میں سی آئی ایس ایف کو 2-0 سے شکست دے کر پورے پوائنٹس حاصل کئے ۔کانگو کی سفیلا ڈیلی نے نیشنل یونائیٹڈ کے لیے دونوں نمایاں گول کیے جب کہ گول کیپر اسنیہ تیاگی کو بہترین فیلڈنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔لیگ کے پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر رہنے والے سی آئی ایس ایف کو نیشنل نے فٹ بال کا سبق سکھایا۔ جہاں ڈیلی نے شاندار گول کیا، وہیں اسنیہ نے گول کا بہت اچھے طریقے سے دفاع کیا۔ شکست خوردہ ٹیم کی فارورڈ لائن نے نصف درجن مواقع پر غلط ہدف کو نشانہ بنا کر نیشنل کا کام آسان کر دیا۔دریں اثنا، احباب ایف سی نے ایک قریبی مقابلے میں دہلی یونائیٹڈ کو 3-2 سے شکست دی۔نہرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں احباب کی جانب سے لال نوجما نے دو گول کیے جبکہ ردرا نارائن نے ایک گول کیا۔ دہلی یونائیٹڈ کے لیے ساوش اور سارتھک نے گول کیے ۔