ماسکو//یو این آئی// روس نے یوکرین پر جزیرہ نما کریمیا کے بندرگاہی شہر سیواستوپول میں بحیرہ اسود میں روسی فلیٹ ہیڈ کوارٹر پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کرنے کا الزام لگایا ہے ۔روسی حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نو فضائی اور نو سمندری ڈرون نے مقامی وقت کے مطابق صبح 4:20 پر حملہ کیا۔ سیواستوپول کریمیا کا سب سے بڑا شہر ہے جس پر روس نے 2014 میں قبضہ کیا تھا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں کم از کم ایک جنگی جہاز تباہ ہوا، حالانکہ اس حوالے سے یوکرین کی جانب سے ابھی تک کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ادھر یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیترو کولیبا نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبد اللہیان سے روس کو ہتھیاروں کی سپلائی روکنے کی اپیل کی ہے ۔بی بی سی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرین اور اس کے مغربی اتحادیوں نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر روس کو ‘کامی کاز’ ڈرون فراہم کر رہا ہے ، جنہیں روسی فوج نے یوکرین کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے لیے استعمال کیا۔تاہم ایران نے اس الزام کی تردید کی اور واضح کیا کہ اس نے روس کو ڈرون سمیت کوئی ہتھیار نہیں بھیجا ہے ۔