سرینگر//پولیس شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے کے اعزاز کے طور پر، اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے ایس کے اسٹیڈیم بانڈی پورہ میں شہید راجہ سلیم انور میموریل ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اویس احمد، ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد، سی او 14 آر آر اور 26 آر آر، اے ایس پی بانڈی پورہ عاشق حسین ٹاک اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ پولیس، آرمی، سی اے پی ایف، سول انتظامیہ اور دیگر معززین بھی موجود تھے ۔یہ ٹورنامنٹ ناک آؤٹ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں ضلع بانڈی پورہ کی 33 کرکٹ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ افتتاحی میچ ضلع پولیس بانڈی پورہ اور بی سی سی بانڈی پورہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی جی پی کشمیر نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کو بہتر پلیٹ فارم مہیا کرنا جموں و کشمیر پولیس کی ہمیشہ سے اولین ترجیح رہی ہے۔ اے ڈی جی پی نے مزید کہا کہ پولیس نوجوانوں کو مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں ان کا ہاتھ بٹاتی رہے گی اور انہیں بہتر مہارتوں سے آراستہ کرے گی، تاکہ وہ اپنی دلچسپی کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔تقریب کے اختتام کے بعد ڈی پی ایل بانڈی پورہ میں ایک رینک کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں نئے ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کو رینک سے نوازا گیا اور افسران نے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ۔