اننت ناگ// اے اے جی بوائز کا صوبائی سطح کا بین ڈسٹرکٹ کبڈی ٹورنامنٹ کل کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا جس میں ڈسٹرکٹ بڈگام نے ضلع کولگام کو سنسنی خیز مقابلے میں 02 پوائنٹس سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔چیمپئن شپ کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر بشارت قیوم نے 24 اکتوبر کو اسپورٹس اسٹیڈیم پہلگام میں جوائنٹ ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کشمیر بشیر احمد کی موجودگی میں کیا۔ آرگنائزنگ سکریٹری، ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر اننت ناگ، مشتاق احمدبھی موجود تھے جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین میونسپل کمیٹی اویس احمد تھے۔مہمان خصوصی نے پہلی تین پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دی۔ بڈگام نے پہلا، کولگام دوسرے اور بارہمولہ نے تیسرا مقام حاصل کیا۔کشمیر ڈویڑن کے 10 اضلاع کے کل 120 کھلاڑی اس ٹورنامنٹ کا حصہ تھے۔