جموں//وائس چانسلر کی عمارت کے سامنے ایک اجتماع میں جموں یونیورسٹی ٹیچرس ایسوسی ایشن کے اراکین نے شعبہ نفسیات کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر چندر شیکھر کے انتقال کے 10ویں دن امن ریلی کا اہتمام کیا۔یاد رہے کہ انہیںشعبہ نفسیات میں اپنے دفتر کے چیمبر میں لٹکا ہوا پایا گیا۔ جاری احتجاج کے ایک حصے کے طور پر ایسوسی ایشن کے اراکین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر یونیورسٹی کیمپس کے گرد امن مارچ کیا۔ بعد میں، سنسکرت کے شعبہ کے اساتذہ کے ذریعہ “شانتی پاٹھ” کا نعرہ لگایا گیا، اور مرحوم کی روح کے لیے دعا کی۔اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ جموں یونیورسٹی ٹیچرس ایسو سی ایشن جنسی ہراسانی کے خلاف زیرو ٹالرینس پر یقین رکھتی ہے اور جو بھی ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہے اسے سزا ضرور ملنی چاہیے، لیکن JUICCASH کے طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرنے کے بعد ہی۔جموں یونیورسٹی ٹیچرس ایسو سی ایشن کے صدر پروفیسر پنکج سریواستو نے کہا کہ یونیورسٹی کے اساتذہ کی وجہ سے ہی جموں یونیورسٹی نے یہ سنگ میل حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے اس حقیقت پر بھی زور دیا کہ جموں یونیورسٹی ٹیچرس ایسو سی ایشن طلبا اور ریسرچ اسکالرز کی اکیڈمکس اور ریسرچ کے لیے پرعزم ہے اور ہمیشہ اس سمت میں ایک اضافی میل چلتا ہے۔ جموں یونیورسٹی ٹیچرس ایسو سی ایشن ارکان کاکہنا ہے کہ چونکہ معاملے کی سنگینی بہت گہری ہے، اس لیے اس کی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے مکمل جانچ ہونی چاہیے۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ اس کیس میں طریقہ کار کی خرابی کی بھی تحقیقات کی جائے اور ذمہ دار افراد کو ان کے سرکاری عہدوں سے ہٹایا جائے۔جے یو ٹی اے نے بھی شعوری فیصلہ لیا کہ چونکہ جے یو ای ٹی کا امتحان یونیورسٹی میں داخلے کے لیے ہے اور اس لیے طلبہ کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ جے یو ای ٹی کو ملتوی کرنے کا مطالبہ نہیں کریں گے۔ تاہم یونیورسٹی کے اساتذہ نے JUET سمیت کسی بھی امتحان کی ڈیوٹی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ SKUAST-J کے اساتذہ کی ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر چند شیکھرکی موت کا باعث بننے والی طریقہ کار کی خرابیوں کے خلاف جے یو ٹی اے احتجاج میں جموں یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی حمایت کی ہے۔ایسوسی ایشن کے سکریٹری ڈاکٹر رویندر سنگھ نے بتایا کہ جے یو ٹی اے 19 ستمبر 2022 کو اپنا جی بی ایم منعقد کرے گی تاکہ مزید لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔