سید امجد شاہ
جموں//حکومت جموں وکشمیر کی طر ف سے مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش پر عام تعطیل کرنے کے فیصلے پر جموں میں جشن کی صورت حال پیدا ہوئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے یہ اعلان راج بھون میں سرکردہ سیاسی رہنمائوں ، یوا راجپوت سبھا کے اراکین ، سول سوسائٹی کے ارکان بشمول جموںوکشمیر ٹرانسپورٹ یونین کے سربراہ پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے بعد کیا۔اِس موقعہ پر سرکردہ سیاسی قائدین بشمول ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما ، سابق ڈی سی ایم ڈاکٹر نرمل سنگھ، دیویندر رانا، ست شرما، اجیت سنگھ ،صدر آل جے اینڈ کے ٹرانسپورٹ یونین ،یووا راجپوت سبھا کے صدر راجن سنگھ اور یوار راجپوت سبھا کے ممبران موجود تھے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کما ر مہتا ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار ، ڈی آئی جی وویک گپتا ، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں اونی لواسااور ایس ایس پی جموں چند کوہلی بھی موجود تھے۔ادھرسابق نائب وزیر اعلی، ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں میں ایل جی کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا”ہم نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ ایک تفصیلی خوشگوار ملاقات کی۔ ایل جی نے اصولی طور پر مہاراجہ ہری سنگھ جی کے یوم پیدائش پر تعطیل کا اعلان کرنے پر اتفاق کیا ہے۔حکومت جموں و کشمیرتمام رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد چھٹی کے اعلان کے بارے میں جلد ہی ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا‘‘۔انہوں نے کہا کہ میں جموں و کشمیر اور ملک کے عوام کو خاص طور پر ڈوگر پردیش کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ یہ جموں و کشمیر اور جموں کے قوم پرست عوام کا 72 سال سے زیر التوامطالبہ تھا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہندوستان کے ساتھ الحاق میں آخری ڈوگرہ مہاراجہ کا بڑا کردار تھا اور اسی کے مطابق جموں و کشمیر قانونی عمل کے بعد ملک کا تاج بن گیا۔انہوںنے کہا’’جب ہم حکومت میں تھے (پی ڈی پی کے ساتھ اتحادی کے طور پر)،ہم نے مہاراجہ ہری سنگھ کی سالگرہ پر چھٹیاں لینے کے لیے جدوجہد کی اور کابینہ میں لڑائی بھی کی۔ تاہم، ہمارے اتحادی پارٹنر نے اتفاق نہیں کیا” ۔انہوں نے کہا اور وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ، امیت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی تعریف کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ایک بار پھر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ’’مسلسل کوششوں کی وجہ سے مہاراجہ ہری سنگھ جی کے یوم پیدائش پر تعطیل کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جو ایک سماجی مصلح تھے اور معاشرے کے پسماندہ طبقے کو مساوی حقوق دیتے تھے‘‘۔دریں اثنا سابق ایم ایل اے اور سینئر بی جے پی لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے کہا کہ “ہم لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کے بعد واپس آئے ہیں اور میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ لوگوں کے جذبات اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر اور مرکزی وزیر داخلہ نے اس تعطیل کو منظوری دے دی ہے جو لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔رانا نے کہا “ہم مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور ایل جی جے اینڈ کے منوج سنہا کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے مفاد میں کام کیا ہے”۔ایل جی کی رہائش گاہ کے باہر بی جے پی رہنماؤں کی پریس بریفنگ کے فوراً بعد، لوگ خاص طور پر نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور جموں میں ڈوگرہ راج کے آخری ڈوگرہ حکمران کی چھٹی کے اعلان پر یقین دہانی کا جشن منایا۔اس کے علاوہ ایل جی کی یقین دہانی پر جشن منا رہے نوجوان اپنی جیت کا جشن منانے کے لیے مہاراجہ ہری سنگھ کے سامنے توی پل کے قریب پہنچے اور آخری ڈوگرہ حکمران اور یووا راجپوت سبھا کے حق میں نعرے لگائے جس نے چھٹی کے لیے احتجاج کی قیادت کی۔ جو نوجوان یقین دہانی کا جشن منا رہے تھے ان کے ساتھ جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا بھی شامل ہوئے۔جب نوجوان خوشی سے نعرے لگا رہے تھے تو ماحول ’’مہاراجہ ہری سنگھ جی زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا اور انہوں نے ڈوگری گانے بھی گائے۔