جموں//جموں میں قبائلی امور محکمہ کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم کے لئے 100بستروں پر مشتمل ہوسٹل شروع کیا گیا ہے جسے سیکرٹری محکمہ قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے طالبات کے لئے وقف کیا ۔سیکرٹری موصوف نے طالبات کے ساتھ تفصیلی بات چیت بھی کی ۔ محکمہ کی جانب سے کیریئر منصوبہ بندی کے بارے میں پوسٹ گریجویٹ طلباء کے لئے نیا ہوسٹل فراہم کیا گیا ہے۔یونیورسٹیوں اور کالجوں میں پوسٹ گریجویٹ کورسوں میں داخلہ لینے والی 100لڑکیوں کے رہنے کے لئے ہوسٹل فراہم کیا گیا ہے ۔ داخلہ لینے والے طلباء کو سکالرشپ بھی فراہم کی جارہی ہے اور خوراک کی شرح میں اِضافہ کیا گیا ہے ۔بہترین معیار کی رہائش اور تعلیمی سپورٹ سسٹم فراہم کرنے کے لئے جدید فرنیچر اور دیگر سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے نئے ہوسٹل میں طالبات کے مطالبات کے جواب میں ہوسٹل کے طلبہ کے لئے ایک بس کی فراہمی کی منظور ی دی اور یہ بھی کہا کہ ہوسٹل میں وائی فائی سہولیت ، سی سی ٹی وی کیمرے ، لائبریری سہولیت بھی جلد فراہم کی جائے گی۔ طالبات کو پہلے سے لوڈ شدہ تعلیمی مواد کے ساتھ کمپیوٹر لیبارٹری بھی فراہم کئے گئے۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسی طرز پر ایک پی جی گرلز ہوسٹل بھی سری نگر میں جلد ہی قائم کیا جارہا ہے ۔محکمہ ہوسٹلوں میں کھیل سہولیات ، غیر نصابی سرگرمیوں کی راہیں ، ہنرمندی کورسوں، ترغیبی دورے اور طلباء کی جامع تعلیمی ترقی کے لئے دیگر سہولیات بھی فراہم کررہا ہے۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ محکمہ کی جانب سے حال ہی میں شروع کئے گئے 25ہوسٹلوں میں سے ایک ایک گرلز پی جی ہوسٹل جموں اور سری نگر کے لئے منظور کیا گیا ہے جس کے لئے زمین مختص کی گئی ہے اور پروجیکٹ کی تکمیل کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو فنڈس جاری کئے گئے ہیں ۔اِس موقعہ پر یہ بھی جانکاری دی گئی کہ دونوں ہوسٹلوں میں طالبات کے لئے ہنرمندی کے کورسوں کا ایک سیٹ جلد ہی شروع کیا جائے گا او رطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لئے دستیاب مختلف مواقع کے بارے میں آگاہ کرنے کے لئے باقاعدہ کیرئیر کونسلنگ سیشنوں کا اِنعقاد کیا جائے جس میں مسابقتی و ظائف او رفیلو شپس شامل ہیں۔