اشتیاق ملک
ڈوڈہ //نیشنل کانفرنس اکائی ڈوڈہ کا ایک وفد پارٹی کے صدر و موجودہ ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ و زونل صدر چناب ویلی سجاد احمد کچلو سے ملاقی ہوا جس دوران انہوں عوامی مسائل ولا موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بی ڈی سی چیئرمین گندنہ و نوجوان این سی لیڈر سرشاد احمد نٹنو کی قیادت میں وفد نے ڈوڈہ ضلع کے دور دراز علاقہ جات گندوہ، بھلیسہ، چلی ،پنگل ،کاہرہ ،ٹھاٹھری ،گندنہ ،بھرت ،پریم نگر ،گھٹ کے عوامی مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی کا جینا محال بن گیا ہے وہیں زیر تعمیر پن بجلی پروجیکٹوں میں مقامی لوگوں کو روزگار نہیں دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ منریگا و دیگر محکموں میں کام کر رہے ڈیلی ویجر ورکرز ،آنگن واڑی ورکرز ،آشا ورکرز ،سیزنل ٹیچرز بھی پریشان ہیں۔فاروق عبداللہ نے عوامی مسائل سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ ان مطالبات کو ایل جی انتظامیہ تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد ایسی جماعت ہے جو 1931 سے جموں و کشمیر کی ہر طبقہ و فرقہ کی خدمت کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہی جماعت موجودہ بحران سے جموں و کشمیر کی عوام کو باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ فاروق عبداللہ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ تنظیم کی مضبوطی کیلئے گھر گھر نیشنل کانفرنس کا منشور پہنچا کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اسمیں شامل کریں۔
نیشنل کانفرنس وفد فاروق عبداللہ و سجاد کچلو سے ملاقی | ڈوڈہ ضلع کے دور دراز علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا