کولگام+سرینگر //کولگام اور بٹہ مالو میں پولیس نے 6جنگجوئوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ایس ایس پی کولگام ایس پاٹل نے ذرائع ابلاغ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کولگام پولیس ،1آر آر اور 18بٹالین سی آر پی نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر کولگام کے ہمدان پورہ محلہ میں چھاپے کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ ایک جنگجو کو گرفتار کیا جس کی شناخت منظور احمد خان عرف وسیم اور جافر ساکن دھوبی محلہ بٹہ بالو سرینگر ہوئی ہے ۔مذکورہ جنگجوکی تحویل سے ایک پستول ،دو چینی ساخت گرنیڈ،اے کے47کے 47گولیاں و دیگر سازو سامان بر آمد کیا گیا۔ایس ایس پی کے مطابق مذکورہ جنگجو کا ایک ساتھی محمد یعقوب ڈار ساکن ریڈونی کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ تین مہینوں سے سرگرم تھا اور اسکی گرفتاری ایک اہم کامیابی ہے ۔ادھر شہر کے نواحی علاقے بمنہ میں مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد فورسز اور ٹاسک فورس نے چھاپہ مارا جس کے دوران مشتبہ جنگجوئوں کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار کیا گیا ایک شخص پولیس کانسٹبل خورشید احمد چوہان ساکن کرناہ سے تعلق رکھتا ہے۔پانچ اعانت کاروں کے قبضے سے ایک ائے کے47رائفل کے علاوہ8دستی بم بھی برآمد کر کے ضبط کئے گئے۔اس دوران شہر سرینگر میں علیحدہ علیحدہ چھاپوں کے دوران 2غیر مقامی جنگجوئوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔