شہرسرینگر میں لوگوں کے تئیں آوارہ کتوں کے تشدد میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہاہے ، لیکن روزانہ بنیادوں پرپیش آنے والے ان واقعات کے تئیں میونسپل حکام کی خاموشی انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور دلسوز ہے ۔روزانہ کہیں نہ کہیں سے کتوں کے حملوں میں راہگیروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہونا ایک عام سی بات بن گئی ہے ۔ چند روز قبل ہی شہر کے ڈلگیٹ اور منور آباد کے متصل علاقوں میں ایک ہی دن چھ افراد پر حملہ ہوا اور وہ سب کے سب زخمی ہوئے۔ صورتحال مظہر ہے کہ اس مصیبت پر قابو پانے کی کوئی کوشش نہیں کی جاتی۔جس سے یہ خدشہ بڑھ رہا ہے کہ ہسپتالوں میں رجسٹر کئے جانے والے کتوں کے کاٹنے کے کیسوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید اضافہ ہوسکتا ۔آج شہر سرینگر کی بستیوں اور قصبہ جات میں جہاں سے بھی گذر ہوتاہے وہاں گند و غلاظت اور کوڑے کرکٹ کے بڑے بڑے ڈھیر نظر آتے ہیں ، جس کی وجہ سے کتوں کی تعداد میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور یہ غول درغول آوارہ کتّے لوگوں کے لئے سدراہ بنتے ہیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے تواتر کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں راہ گیران کے حملوں کا شکار ہوکر اسپتالوں میں پہنچ جاتے ہیں اور کئی ایک تو موت کی کگار پر پہنچ جاتے ہیں۔آوارہ کتّے عادتاً چھوٹے بچوں پر چڑھ دورتے ہیں اور بچے بھی گھبراہٹ کے عالم میں جدھر کو راستہ ملے خود کو بچانے کے لئے اْدھر کی طرف بھاگنے میں عافیت سمجھتے ہیں اور یہ صورتحال بعض اوقات انتہائی رنجدہ سانحات کو جنم دیتی ہے۔آئے روز میڈیا کے توسط سے شہر سرینگر اور قصبہ جات میں آوارہ کتوں کے ذریعہ خونچکانی کے واقعات کی خبریں آتی رہتی ہیں۔مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ انتظامیہ نے ان سانحات کے محرکات کے بارے میں چپ سادھ رکھی ہے۔ آج شہر سرینگر میں آوارہ کتّوں کی تعداد کے بارے میں ثقہ اعداد وشمار دستیاب نہیں لیکن ظاہری طور پر جو تناسب دکھائی دے رہا ہے وہ کسی بھی مہذب سماج میں قابل قبول نہیں ہوسکتا۔ ریاست کے دیگر شہروں اور قصبہ جات کی صورتحال بھی کم وبیش اسی کے آپس پاس ہے ، کیونکہ برسہا برس سے لوکل باڈیز اداروں نے کتّوں کا صفایا کرنے کا کام بند کردیا ہے۔پارلیمنٹ نے اس حوالے سے ایک قانون بنایا ہے ، جس کی رو سے آوارہ کتّوں کی ہلاکتوں پر پابندی تو عائد کردی گئی ہے ،لیکن ان کی تعداد کو قابو کرنے کے لئے نس بندی جیسے دیگر ذرائع استعمال کرنے کی ہدایات موجود ہیں ،مگرریاست کے اندر انتظامیہ نے جہاں ایک جانب بستیوں کے اندر غول در غورل گھوم رہی اس موذی مخلوق کا صفایا کرنے کا کام بند کردیا ،وہیں دوسری جانب بار بار کی یقین دہانیوں اور اعلانات کے باوجود نس بندی کا کوئی منظم پروگرام عمل میں نہیں لایا ،یہ الگ بات ہے کہ جب کہیں پہ کتوں کے کاٹے کی شکایات بار بار سامنے آتی ہیں تو یہ اقدام کیا جاتا ہے ۔ لیکن بہ ایں ہمہ صورتحال دن بہ دن بے قابو ہورہی ہے۔ فی الوقت یہ ایک حقیقت ہے کہ ریاست میں آوارہ کتّے ایک عوامی مصیبت کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔جس پر انتظامیہ اور حقوق حیوان کی تنظیموں نے کبھی رنج اور تاسف کا اظہار نہیں کیاہے ، بلکہ اس کے برعکس حیوانوں کے حقوق کی تنظیموں نے مختلف اوقات پر ریاستی انتظامیہ پر دبائو قائم کرکے اپنی بات منوانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ اگرچہ میونسپل قوانین کے مطابق انتظامیہ کو ایسے کتّوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے ، جو سماج کے لئے مصیبت کا درجہ اختیار کریں ، لیکن عملاً ایسا نہیں کیا جارہاہے۔ خاص کر باؤلے کتوں کے حملوں کے سدباب کی کوئی کوشش نہیں کی جاتی۔اگرچہ ماضی میں صوبائی انتظامیہ نے باولے کتّوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم جاری کیا گیاتھا ،لیکن حقوق تنظیموں کے دبائو میں آکر یہ حکم فوراً واپس لیا تھا، حالانکہ باولے کتّوں کا دفاع کرنا قطعی طور پر ناقابل فہم ہے۔ تمام تر تحفظات کے باوجود موجودہ صورتحال عوام کے لئے قطعی قابل قبول نہیں ہوسکتی، لہٰذا انتظامیہ کو کوئی متبادل راستہ اختیارکرکے فوری طور پر موجودہ صورتحال کا ازالہ کرنا چاہئے۔