جموں//یو این ڈی پی کی دو رُکنی ٹیم نے جموں میں کئی وزراء اور سرکاری افسروں کے ساتھ ملاقات کر کے ریاست کے ترقیاتی منظر نامے سے جڑے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ ڈاکٹر پریتی سونی اور روچی پنت پر مبنی اس ٹیم نے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کو عملانے میں ریاست کی مدد کرنے کے یو این ڈی پی کے عزم کو دوہرایا ۔ ٹیم نے پشو و بھیڑ پالن کے وزیر عبدالغنی کوہلی ، سماجی بہبود اور سائینس و ٹیکنالوجی کے وزیر سجاد غنی لون اور تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر کے ساتھ اعلیحدہ اعلیحدہ میٹنگیں کیں ۔ ٹیم نے وزراء کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ماتحت محکموں کے پروجیکٹوں کو موثر ڈھنگ سے عملانے اور لوگوں کی معیارِ زندگی میں بہتری لانے کیلئے اپنا بھر پور تعاون دیں گے ۔ اس سے پہلے ٹیم نے کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی ، ایم ڈی جے کے پی ڈی سی ، مشن ڈائریکٹر جے کے ایس آر ایل ایم اور کئی دیگر افسران کے ساتھ ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔